ْنواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) کا کوئی بی پلان نہیں ‘ رانا تنویر حسین

مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں کلین سویپ کرے گی ،عمران خان کی طرح بلاول ،آصف زرداری کو بھی الیکشن لڑنے کا چیلنج کرتا ہوں

اتوار 8 اکتوبر 2023 17:45

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ،پی ٹی آئی کے لوگ بھی نالاں ہیں ،مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں کلین سویپ کرے گی ،عمران خان کی طرح بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کو بھی الیکشن لڑنے کا چیلنج کرتا ہوں میرے مقابلے میں الیکشن لڑیں ان کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی ۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے ہمراہ لائرز ونگ کے ارکان اورکارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نواز شریف 21اکتوبر کو ہر صورت پاکستان پہنچیں گے ،چند لوگ اور میڈیا ڈس انفارمیشن پھیلارہے ہیں کہ نواز شریف نہیں آرہے ،وہ اب ٹھیک ہیں مگر ڈاکٹر زکا کہنا ہے بیماری کے سلسلہ میں فالواپ ضرور کرتے رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) کا کوئی بی پلان نہیں ،امید ہے ان کی ضمانت ہوجائے گی ، نواز شریف مینار پاکستان پرخطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے ۔

سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے جو بات کی ہے وہی جواب دے سکتے ہیں مگر یہ کہوں گا پی ٹی آئی چیئرمین سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ،وہ ایک پارٹی کے سربراہ ہیں ،انہوں نے اگر کوئی جرم کیا ہے تو سزا بھی ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین ہی ہے جو گرفتاری سے ڈرتا ہے ،نواز شریف نے لانڈھی سے لے کر اٹک جیل تک کا سفر کیا ،مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے جیلیں دیکھیں وہ گرفتاری سے نہیں ڈرتے ۔

انہوںنے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے کبھی کسی کی مدد نہیں لی ،ہمارے خلاف ہمیشہ دھاندلی سے کام لیا گیا ،2018کے الیکشن دھاندلی کی سب سے بڑی مثال ہیں ۔انہوں نے کہا شاہد خاقان عباسی اور راجہ ریاض سمیت سب کی ٹکٹ کا فیصلہ مسلم لیگ (ن)کا پارلیمانی بورڈ کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ وہ دس ہزار گاڑیوں کا قافلہ لے کر نواز شریف کے استقبال کیلئے نکلیں گے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں