% اپوزیشن عوام کو حقیقی طور پر نا اہل حکمرانوں سے نجات دلانا چاہتی ہے تو فوری عدم اعتماد کی تحریک لا کر نئے انتخابات کا اعلان کروائے،رحمت خان وردگ

گورنر پنجاب چودھری سرور، مسلم لیگ( ق) اور ایم کیو ایم اگر قوم اور ملک کو بچانا چاہتے ہیں تو اقتدار سے الگ ہو جائیں ورنہ عوام انہیں بھی سونامی کے ہاتھوں تباہی کا ذمہ دار سمجھیں گے، صدر تحریک استقلال کی پریس کانفرنس

اتوار 5 دسمبر 2021 18:00

ق*مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2021ء) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ اپوزیشن اگر عوام کو حقیقی طور پر نا اہل اور ظالم حکمرانوں سے نجات دلانا چاہتی ہے تو فوری عدم اعتماد کی تحریک لا کر نئے انتخابات کا اعلان کروائے۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، مسلم لیگ( ق) اور ایم کیو ایم اگر قوم اور ملک کو بچانا چاہتے ہیں تو اقتدار سے الگ ہو جائیں ورنہ عوام انہیں بھی سونامی کے ہاتھوں تباہی کا ذمہ دار سمجھیں گے۔

پارٹی کے صوبائی دفتر کالا شاہ کاکو میں ضلعی چیئرمین سید قاسم علی شاہ اور صوبائی رہنما میاں محمد افضل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رحمت خان وردگ نے کہا کہ دن رات جھوٹ بولنے والے حکمران صرف باتوں سے ملک نہیں چلا سکتے اس کے لیے سنجیدہ قیادت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کے صبح ، دوپہر ، شام جھوٹ کی وجہ سے ملک سے برکت اٹھ چکی ہے اور تمام طبقات زندگی کے بد ترین دور سے گزر رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ کئی ماہ سے حکومتی وزراء آئندہ پانچ سال تک بھی حکمرانی کے دعوے کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی ضد کرکے دھاندلی سے جیتنے کی تگ و دو کی جا رہی ہے۔اگر حکمران ای وی ایم سسٹم لانے میں سنجیدہ ہیں تو وہ اپوزیشن جماعتوں کا اعتماد حاصل کریں تا کہ1977جیسے حالات پیدا نہ ہو سکیں۔ بین الاقوامی حالات کے بارے میں تحریک استقلال کے سربراہ نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان، ایران ، بھارت اور افغانستان 25سال کے لیے جنگ نہ کرنے کا معاہدہ کریں اور دفاع پر خرچ ہونے والی بھاری رقم اپنے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں۔

انہوںنے تجویز پیش کی کہ چاروں ایشیائی ممالک باہمی تجارت لوکل کرنسی میں تاکہ خطہ انقلاب برپا کرکے امریکہ اور یورپ کی غلامی سے چھٹکارا حاصل کر سکے۔ انہوںنے کہا کہ دولت مند اسلامی ممالک غریب اسلامی ممالک کی غیر مشروط مدد کریں اور ان ممالک میں سرمایہ کاری کریں تا کہ مسلم دنیا کے مسائل حال ہوں اور امریکہ ، یورپ کی بالادستی کا خاتمہ ہو سکے۔

انہوںنے کہا کہ یورپی ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والے مسلم سربراہان ان ممالک کے ہاتھوںکٹھ پتلی بن چکے ہیں۔ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے سوال کے جواب میں رحمت خان وردگ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ہمیشہ آمریت کے دور میں غیر جانبدار ہوئے ہیں کیونکہ ایسے حکمرانوں کا کوئی ذاتی مفاد وابستہ نہیں ہوتا۔انہوںنے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے بجائے انہیں مشکل سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔

مسلم لیگ ن کی سیاسی حکمت علی کے بارے میں تحریک استقلال کے رہنما نے کہا کہ مریم نواز شریف کی پالیسی حماقت ہے اور اگر وہ حقیقی طور پر عمران خان سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں میاں شہباز شریف کی پالیسی پر عمل کرنا چاہئے۔ حکومتی پالیسیوں کے بارے میں انہوںنے کہا کہ پنجاب کی زرعی زمینوں پر ہاؤسنگ کالونیوں کی تعمیر اور صنعتی اداروں کا قیام مستقبل میں قوم کو بھوک سے مارنے کی تیاری ہے جس کے پیش نظر موجودہ حکمران قومی مجرم ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے انہوںنے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کے مقابلے میں مٹی کے تیل اور کروڈ آئل کی قیمتوں میں واضع کمی کی وجہ سے ملاوٹ شدہ پٹرول کی فروخت عروج پر پہنچ چکی ہے جو آٹو موبائل انڈسٹری کی تباہی اور حکومتی ٹیکسوں میں نمائیاں کمی کی بڑی وجہ ہے۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں یکساں کرکے اور ڈیلروں کے کمیشن میں اضافہ کرے تا کہ ملاوٹ کے دھندے سے نجات مل سکے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں