9 مئی کو شہدا اور انکی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے شرپسندوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا،مسلم لیگ (ن) کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والی جماعت خود کرچی کرچی ہو چکی ہے،نواز شریف ترقی وخوشحالی کا نام ہے۔مریم نواز

پیر 5 جون 2023 22:38

9 مئی کو شہدا اور انکی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے شرپسندوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا،مسلم لیگ (ن) کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والی جماعت  خود کرچی کرچی ہو چکی ہے،نواز شریف   ترقی وخوشحالی کا نام ہے۔مریم نواز
باغ-05 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان کی سنیئر نائب صدر ور چیف آرگنائزیشن مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شہدا اور انکی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے شرپسندوں کو پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کبھی معاف نہیں کریں گے ،قوم ان کو نشان عبرت بنا کر چھوڑے گی،نواز شریف ترقی وخوشحالی کا نام ہے، ان کے دور میں پورے پاکستان و آزاد کشمیر میں بے مثال ترقی ہوئی ، ،مسلم لیگ (ن) کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والی جماعت خودکرچی کرچی ہو چکی ہے، جو کہتا تھا کہ میں سب کیلئے اکیلا ہی کافی ہوں و ہ آج خوداکیلا بیٹھا رو رہا ہے ، آزاد کشمیر میں ان کا سابق وزیراعظم ان کے خلاف گواہی دے رہا ہے۔

۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ باغ کے دوران مسلم لیگ ن کے نامز دا میدوار راجہ مشتاق منہاس کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ میں سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر،صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر،راجہ مشتاق منہاس،چوہدری محمد عزیز،راجہ صدیق،چوہدری اعجاز کٹھانہ،افتخار گیلانی،پرویز چغتائی،آفتاب اعوان،راجہ سعید انقلابی،راجہ سعید جنجوعہ،راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ،اس کے علاوہ سابق وزراء حکومت بھی موجود تھے ۔

مریم نواز شریف جونہی جلسہ گاہ پہنچی تو بارش شروع ہو گئی۔مریم نواز نے بغیر چھتری کے بارش میں ہی اپنا خطاب جاری رکھا اور لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ زندہ دلان کشمیر ہیں ، میرے کشمیری بھائی بارش میں کھڑے ہو کر میرا خطاب سن رہے ہیں، میں بھی بغیر چھتری کے خطاب کروں گی ۔مریم نواز شریف نے 9 مئی کے سانحہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو شہدا ء کی بے حرمتی کرے ، ان کی یادگاروں کو آگ لگائے، جو ان جہازوں کو آگ لگائے جنہوں نے دشمن کے جہازوں کو مار گرایا وہ ہم میں سے نہیں ہوسکتا اور وہ پاکستانی بھی نہیں ہوسکتا۔

جس نے 9 مئی کو شہدا اور انکی یادگاروں کیساتھ یہ سلوک کیا وہ جس بنکر میں بھی چھپا بیٹھا ہے سن لے کہ پاکستانی قوم اور کشمیری اسے کبھی معاف نہیں کریں گے ، اسے عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے ۔مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا پورا پاکستان اورآزاد کشمیر شرمندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری ہیں ،یہ کوئی سیاسی نعرہ نہیں، آج ہم کشمیر کی وادی میں کھڑے ہیں، کشمیر کے ہر گھر میں شہدا موجود ہیں۔

مریم نواز نے کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں ،شہدا کی یادگاروں کو جلانے والوں کا احترام نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی غصے میں ہو کوئی پاکستانی ملک کو آگ لگانے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب موٹر وے پر سفرکرتے ہیں تو کس کا نام یاد آتا ہے؟ آزاد کشمیرمیں ہسپتال، سکول، یونیورسٹیز دیکھتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے، 75 برسوں میں نوازشریف کے 9 سال نکال دو تو کچھ نظرنہیں آتا ، جب کسی کے پاس کارکردگی نہ ہو تو گھیرؤا جلاؤ، فتنہ بازی ، کرتا ہے، جس کو مسلط کیا گیا آج وہ جماعت کہاں گئی؟ جہاں سے یہ جماعت آئی وہیں واپس چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نےجرات اور حوصلہ کے ساتھ مشکلات برداشت کیں مگرکبھی پاکستان پرآنچ نہیں آنے دی۔ ۔ 2021 میں جس جماعت کو آزاد کشمیر میں دھاندلی کے ذریعے مسلط کیا گیا تھاوہ آج کہاں ہے، ان کے اپنا لگا یا ہوا وزیر اعظم آج انہی کے خلاف کھل کر ان کے خلاف گواہی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس نے جماعت نے نواز شریف اور مسلم لیگ کو ختم کرنے منصوبہ بنایا وہ خود کرچی کرچی ہو گئی، آزاد کشمیر میں جس جماعت نے کشمیر کی خدمت کی وہ مسلم لیگ ن ہے،آج تک مسلم لیگ کے کسی وزیر اعظم یا وزیر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا اس لیے کہ جو آپ کا بجٹ تھا وہ آپ کی تعمیروترقی پر لگایا گیا اور پوری دیانتداری کے ساتھ خرچ ہوا دوسری طرف جو حکومت 2021میں مسلط کی گئی جو ہسپتال اور سڑکیں،سکول کالج، بننے تھے وہ نہیں بن سکے اس لیے کہ پی ٹی آئی سربراہ نے کشمیر اور گلگت بلتستان سے اپنا خرچہ پورا کرنا شروع کردیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت دوبارہ آئے گی اور ترقی کا سلسلہ وہیں سے شروع کریں گے ۔مریم نواز نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہر طرف نواز شریف کا نام ہی گونجے گا، نواز شریف کی واپسی پر 2017 سے ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو گا، انہوں نے عوام سے کہا کہ 8 تاریخ کو شیر پر مہر لگانی ہے۔باغ کے غیور عوام جب گھروں سے نکلیں تو نواز شریف کے تعمیروترقی کے کاموں کو دیکھ کر مشتاق منہاس کو ووٹ دیں،انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے باغ میں امراض قلب ہسپتال کا اعلان کیا تھا جو نہ بن سکا آپ مشتاق منہاس کو کامیاب کریں مریم نواز مشتاق منہاس کے ساتھ ملکر یہ ہسپتال قائم کرے گی ، یہ میرا آپ سے وعدہ ہے،

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں