جب تک مزدور کو اس کے بنیادی حقوق میسر نہیں آتے ہماری پرامن جمہوری ، آئینی ، قانونی جدوجہد جاری رہے گی،چوہدری لطیف اکبر

پیر 29 اپریل 2024 14:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو، پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین ، سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی ہدایت پر یکم مئی عالمی یوم مزدور انتہائی عقیدت و احترام ، نظریاتی جوش و جذبے اور اس تجدید عہد کے ساتھ منانے کااعلان کردیا کہ جب تک مزدور کو اس کے بنیادی حقوق میسر نہیں آتے ہماری پرامن جمہوری ، آئینی ، قانونی جدوجہد جاری رہے گی ، یکم مئی کو دارلحکومت مظفرآباد میں سیمینار منعقد کیا جائے گا جس کی صدارت پارٹی صدر چوہدر ی محمد یاسین اور مہمان خصوصی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ہونگے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے وزراء ، ممبران اسمبلی ، پارٹی اور اس کے ذیلی تنظیموں کے عہدیداران اور مختلف مکاتب فکر کے زعماء خطاب کرینگے ، عالمی یوم مزدور کے موقع پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع ، تحصیل ، سٹی مقامات پر شگاگو کے عظیم مزدوروں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور دنیا بھر کے محنت کشوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے جلسے جلوس ریلیاں اور سیمینار ز منعقد کرکے حکومتوں سے قانون سازی کے ذریعے عملدرآمد کے مطالبات کئے جائیں گے ، گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نامزد امیدوار اسمبلی حلقہ سات لیپہ شوکت جاوید میر نے کہا کہ مزدور کی تنخواہ ایک تولہ تو درکنار آدھا تولہ کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے ، جس طبقاتی نظام میں ورک چارج ملازم کو 20 ہزار روپے تنخواہ نہ دلوائی جا سکے ، چائلڈ لیبر پر پابندی پر عملدرآمد نہ ہو سکے ، لیبر کورٹ محض خانہ پری کے لئے قائم کئے گئے ہوں وہاں مزدوروں کے حقوق کی دعویدار حکومتیں انگلی کے پیچھے سورج چھپانے کی روش پر عمل پیرا ہیں ، شگاگو کے عظیم مزدوروں نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے استحصالی اور جبری نظام کے خلاف جس جدوجہد کی ابتداء کی تھی وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکی ، بلکہ مراعات یافتہ طبقات پسے ہوئے طبقات کی شہ رگ پر منہ رکھ کر ان کا خون چوسنے سے بھی گریز نہیں کرتا ، جو سر ا سر ظلم و نا انصافی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ، لیبر و زرعی اصلاحات کا نفاذ کرکے انقلابی تبدیلیوں کی بنیادرکھی تھی ، جس کے بعد غیر جمہوری قوتوں نے سرمایہ داروں ، جاگیر داروں اور ان کے حاشیہ برداروں کو اپنے اقتدار کی طوالت کے لئے ساتھ ملانے کے لئے پھر وہی فرسودہ نظام مسلط کردیا ، مارشل لاء کے سیاہ دور کے بعد قائد انقلاب محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ٹریڈ یونینز پر عائد پابندیاں ختم کرکے انتقامی اور سیاسی بنیادوں پر برطرف کئے گئے ہزاروں ملازمین کو باعزت بحال کرکے ان گنت خاندانوں کی معاشی کفالت کی ، اور نئے قوانین کے ذریعے مزدور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا، شوکت جاوید میر نے کہا کہ پیپلزپارٹی اللہ کی رضا اور رسول اللہ ﷺ کی اتباع کے لئے مخلوق خدا کی ترجمان بن کر میدان عمل میں بر سر پیکار ہے ، بلکہ ملکی وقار قومی تشخص ، عوامی مفادات ، آئین قانون کی بالادستی ، جمہوریت کے استحکام ، عدم برداشت ، فرقہ واریت ، صوبائی تعصبات ، لسانی جھگڑوں کو مٹانے کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ، پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، صدر پاکستان آصف علی زرداری ، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور ، چوہدری ریاض کی قیادت میں ناقابل تسخیر دفاع ، قومی خوشحالی ، عوامی حقوق کے لئے پارٹی کے انقلابی منشور اور بنیادی اساسی دستاویزات کے مطابق حکومت میں آکر عملدرآمد کرے گی ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں