مظفر گڑھ، باپ کے ہاتھوں بیوی سمیت قتل ہونے والے 7بچوں کی نماز جنازہ ادا

مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی،نماز جنازہ میں اہل علاقہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔علی پور کے علاقے مڈوالا میں سات جنازے اٹھے تو ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل افسردہ تھی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 12 اپریل 2024 14:58

مظفر گڑھ(اردو پوائنٹ  اخبار تازہ ترین-   12اپریل  2024ء) پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ میں باپ کے ہاتھوں بیوی سمیت قتل ہونے والے 7بچوں کی نماز جنازہ ادا کر نے کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی،نماز جنازہ میں اہل علاقہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔علی پور کے علاقے مڈوالا میں سات جنازے اٹھے تو ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل افسردہ تھی۔

نمازجنازہ میں لیگی ایم پی اے رانا عبدالمنان ساجد، سجادہ نشین درگاہ عالیہ کوٹمٹھن شریف عامر کوریجہ، سابق ایم پی اے شہزاد رسول، مقامی انتظامیہ، پولیس اہلکاروں سمیت اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جنازے کی ادائیگی کے بعد مرنے والے افراد کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی، ماں اور 7 بچوں کو ایک دوسرے کے پہلوں میں دفن کیا گیا۔

(جاری ہے)

علی پور میں قتل کئے جانے والی ماں اور 7 کم عمر بچوں کے قتل کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں قتل کی دفعات 302 کے تحت درج کیا گیا۔واضح رہے کہ مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں بے رحم باپ کے ہاتھوں گزشتہ روز اپنی بیوی اور 7 بچوں جن میں 5 لڑکیاں اور 2 لڑکے شامل ہیں کو ہتھوڑے کے وار کر کے قتل کردیا تھا۔

مظفرگڑھ میں بیوی سمیت 7بچوں کو قتل کرنے والے ملزم کوآلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا،دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ بیوی کے ساتھ آئے روزگھر میں جھگڑے ہوتے تھے،اس لئے اہلخانہ کو قتل کیا۔ پولیس نے گرفتارملزم سجاد کھوکر کیخلاف واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا جب کہ گرفتارملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ڈی پی اوکا بتانا ہے کہ ملزم کی ذہنی حالت ٹھیک ہے، ابتدائی تحقیقات میں وجہ گھریلو ناچاقی سامنے آئی ہے، دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ بیوی کے ساتھ آئے روزگھر میں جھگڑے ہوتے تھے، اس لیے اہلخانہ کو قتل کیا۔

گزشتہ روز علی پور کے علاقے مڈ والا میں سجاد کھوکھر نامی شخص نے گھریلو ناچاقی کو وجہ بناکر بیوی اور 7 بچوں کو قتل کردیا تھا، مقتول بچوں کی عمریں 6 ماہ سے 8 سال کے درمیان تھیں۔ ملزم سجاد درزی کا کام کرتا ہے جو تاحال پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں