منی بجٹ لانے کی تیاریوں کے ساتھ عوام کو گھبرانے کی اجازت بھی دی جائے،میاں افتخارحسین

منی بجٹ لانے کا اعلان حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کا واضح ثبوت ہے،مرکزی سیکرٹری جنرل عوامی نیشنل پارٹی

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:48

پبی/نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ منی بجٹ لانے کی تیاریوں کے ساتھ عوام کو گھبرانے کی اجازت بھی دی جائے، منی بجٹ لانے کا اعلان حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کا واضح ثبوت ہے۔ منی بجٹ لانا ثابت کرتا ہے کہ وزیراعظم نے تین سال میں عوام سے محض جھوٹ بولا ہے۔

تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو نئے پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ نااہل حکومت عوامی مسائل کے سامنے بے بس دکھائی دے رہی ہے۔ آج حکومتی اراکین خود موجودہ حکومت کی نااہلیوں کا پردہ چاک کررہے ہیں۔ نوشہرہ میں بلدیاتی انتخابات بارے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ملک پر تحریک انصاف کی شکل میں عذاب مسلط ہے اور مہنگائی، بھوک، بے روزگاری، غربت کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اپنی نااہلیوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے۔ ریاست مدینہ کے نام پر موجودہ حکومت نے عوام کو دھوکہ دیاہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے عام انتخابات میں ووٹ چوری کر کے عوامی نمائندوں کو پارلیمان سے باہر رکھا گیا اور سلیکٹڈ حکمرانوں کو پاکستان پر مسلط کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے نام پر ملکی معیشت کے ساتھ ایک سازش کے تحت تجربات کئے جارہے ہیں۔

محض تین سالہ دور اقتدار میں 4 وزیرخزانہ اور 6 سیکرٹری خزانہ تبدیل کرچکی, معیشت پھر بھی بدحال ہے۔ حکومت اپنی غلطیاں تسلیم کرنے کی بجائے ڈھٹائی سے قوم کو مزید تباہی کی جانب دھکیل رہی ہے۔ مالیاتی اداروں سے انکی شرائط پر معاہدوں نے ملکی معیشت کو دیوالیہ کردیا ہے۔ عوام سے ٹیکس وصول کئے جارہے ہیں لیکن بدلے میں حکومت ان کو ریلیف دینے میں ناکام ہے۔

حکومت ملک وقوم کے مفادات کے بجائے آئی ایم ایف کی خوشنودی میں مصروف ہے۔ پاکستان کی معیشت کو براہ راست آئی ایم ایف کنٹرول کر رہا ہے اور انہی کی ایماء بجلی، گیس، پٹرول اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا گیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں لیکن عوام فائدے سے محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نیشنل پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں مشکل حالات کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

صوبائی خودمختاری اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کی شکل میں مرکز سے صوبے کے حقوق کے حصول کو ممکن بنایا۔ عوام باشعور ہوچکے ہیں اور مزید تبدیلی کے جھوٹے نعروں میں نہیں آئیں گے۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات عوام کے پاس موقع ہے کہ نااہل حکمرانوں سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی عوامی طاقت اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

باچا خان کے پیروکار بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انتخابات میں عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے اے این پی امیدواران کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں گے اور نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انتخابی جلسہ عام سے تحصیل پبی کے نامزد امیدوار غیور خٹک، زرعلی خان، عباس خان، میرویس خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں