پاکپتن میں جائیداد کیلئے سگے بیٹے کا بوڑھے باپ پر تشدد

ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا‘ ملزم کی تلاش شروع

Sajid Ali ساجد علی پیر 9 اکتوبر 2023 15:26

پاکپتن میں جائیداد کیلئے سگے بیٹے کا بوڑھے باپ پر تشدد
پاکپتن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 اکتوبر 2023ء ) صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں جائیداد کیلئے سگے بیٹے نے بوڑھے باپ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکپتن کے نواحی علاقے پیر کریاں میں ضعیف باپ پر بیٹے نے تشدد کیا، جائیداد کے لالچ میں بوڑھے باپ پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں بیٹے کو اپنے ضعیف باپ کے ساتھ ناصرف بدکلامی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے بلکہ اس نے اپنے بوڑھے والد کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ سامنے آنے اور اس کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے ایکشن لیا اور واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، ترجمان مقامی پولیس نے کہا کہ تھانہ سٹی پاکپتن پولیس نے بزرگ باپ پر تشدد کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ادھر فیصل آباد میں جائیداد کے لالچ میں بیٹوں نے فائرنگ کرکے باپ کو موت کے گھاٹ اتار دیا، یہ واقعہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ ہاکی اسٹیڈیم کار مارکیٹ میں پیش آیا، جہاں مقتول کرامت علی اپنی دکانوں کا کرایہ وصول کرنے کے بعد جب گھر پہنچا تو اس کے 2 بیٹوں نے وہاں آکر اپنے باپ پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ مقتول نے اپنے دونوں بیٹوں مدثر اور اسد کو دو مربع زمین دے دی تھی، تاہم بیٹے دکانیں اور دیگر جائیداد بھی لینا چاہتے تھے جس کے تنازع پر بیٹوں نے اسے قتل کردیا، مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلا ش شروع کردی گئی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ پاکپتن میں بھی پیش آیا جہاں جائیداد کے تنازع پر 7 افراد کو قتل کر دیا گیا، بھائی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ماں، بھائیوں، بھابھی سمیت 7 افراد کو بے دردی سے قتل کیا، ملزم کی فائرنگ سے ماں، بھابھی اور 3 بچے جاں بحق ہوئے جب کہ 7 سالہ بھیتجی زخمی ہو گئی، ملزم نے دو بھائیوں کو کھیت میں فائرنگ کرکے قتل کیا اور دیگر کو گھر میں گھس کر قتل کیا۔

پاکپتن میں شائع ہونے والی مزید خبریں