حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے عرس کی تقریبات جاری ، ملک بھر سے زائرین کی آمد

جمعہ 14 دسمبر 2018 17:24

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت خواجہ غلام فریدؒ کا 121 واں تین روزہ عرس کی راجنپور کے شہر کوٹ مٹھن شریف میں تقریبات جاری ہیں۔ ملک بھر سے زائرین عرس میں شرکت کیلئے پہنچ گئے ہیں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں تین روزہ عرس کے دوران مختلف محافل کا انعقاد کیا گیا جس میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے ، واضح رہے کہ حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مشہور کلام ’’ میڈا عشق وی توں میڈا یار وی توں‘‘ اور’’اًپڑی نگری آپ وسا توں پًٹ انگریزی تھانڑیں‘‘ کو دنیا بھر میں زبر دست پزیرائی ملی ۔

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کی حیات طیبہ احکام خداوندی اور سنتِ نبوی کی تعلیم وترویج سے عبارت تھی وہ نہ صرف ایک ولیِ کامل تھے بلکہ ایک عظیم انقلابی شاعر بھی تھی, آپ شاعری اور تعلیمات پاک بھارت کے مسلمانوں سمیت غیر مسلموں میں بھی انتہائی مقبول و معروف ہیں۔

(جاری ہے)

آپ نے ساری زندگی سادگی کیساتھ بسر کی اور 1901 میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کی زندگی کا فیض مسلمانوں کیساتھ ساتھ غیر مسلموں کیلئے بھی مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ سندھ پنجاب بلوچستان سمیت ناصرف پاکستان بلکہ دنیا کے کونے کونے میں ان کے عقیدت مند موجود ہیں بلکہ ہرسال ان کے عرس پر بیرون ملک سے بھی ہزاروں کی تعداد میں ہندو، سکھ، عیسائی اور دیگر مذاہب کے عقیدت مند تقریبات میں شریک ہوکر اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں. سجادہ نشین دربار عالیہ خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے مزار کو غسل دیکر سالانہ عرس تقریبات کا آغاز کیا۔

سجادہ نشین کے ہمراہ خانوادہ خواجہ کلیم الدین کوریجہ، عامر فرید کوریجہ، خواجہ شمس الدین، ولی عہد خواجہ راول معین، خواجہ غلام فرید کوریجہ، ڈائریکٹر محکمہ اوقاف طاہر رضا بخاری، ڈپٹی میئر ملتان منور احسان قریشی، علی معین کوریجہ، ڈی سی راجنپور، ڈی پی او راجنپور، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل راجنپور سردار عبدالعزیز دریشک بھی موجود تھے۔

انٹرنیشنل غلام فرید صوفی کانفرنس کی تقریب میں سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ جبکہ اختتامی دعائیہ تقریب 15 دسمبر کو ہو گی ۔ واضح رہے کہ عرس کے سلسلہ میں 15 دسمبر ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ راجنپور اور ڈسٹرکٹ رحیم یارخان میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔

راجن پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں