راولپنڈی میں کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح 15 جنوری کو ہو گا، سیکرٹری انڈسٹریز

ہفتہ 23 دسمبر 2023 17:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2023ء) راولپنڈی میں کاروباری برادری اور سرمایاکاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کے قیام کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کاوشیں رنگ لائیں، سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احسان بھٹہ نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر ثاقب رفیق سے ملاقات کی، ملاقات میں سیکرٹری انڈسٹریز نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں راولپنڈی سمیت چھ شہروں میں بزنس فیسلیٹیشن سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، راولپنڈی میں کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح15جنوری کو ہو گا،اس کا مقصد معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ان اضلاع میں سرمایہ کاری لانا اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔

سیکرٹری انڈسٹریز نے بزنس سہولت مرکز کے قیام کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کوششوں کو سراہا اور سنٹر کی جلد تکمیل کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

صدر ثاقب رفیق نے بتایا کہ سنٹر کے قیام کا مطالبہ دیرینہ تھا، سنٹر میں بیس سے زائد محکموں کے این او سی لینے کے لیے ایک ہی چھت کے نیچے سہولت دستیاب ہو گی،سہولت مرکز کے اندر واپڈا، نادرا، ایس این جی پی ایل، ماحولیات، لائیو سٹاک، سیاحت، لوکل گورنمنٹ، پی ایچ اے، واسا، ایریگیشن اور پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں سمیت مختلف محکموں کے نمائندے تعینات ہوں گے جو ان کی رہنمائی اور فوری کارروائی کے ذمہ دار ہوں گے جس سے ناصرف سرمایاکار کا وقت بچے گا بلکہ کاروباری لاگت بھی کم ہو گی ۔

اس موقع پرکمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ، گروپ لیڈر سہیل الطاف،سابق صدر ندیم رؤف، سمال چیمبر کے صدر طارق جدون، انجمن تاجران پنجاب کے صدر شاہد غفور پراچہ سمیت دیگر سرکاری عہدیداران بھی موجودتھے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں