ہم فارم 45 اور 47 والوں سے دور فاصلے پر ہیں، شیخ رشید احمد

جنرل فیض حمید فیض آباد دھرنے میں ملوث نہیں تھے جو ملوث تھے اُنہیں پکڑیں۔ عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 اپریل 2024 10:29

ہم فارم 45 اور 47 والوں سے دور فاصلے پر ہیں، شیخ رشید احمد
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2024ء ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم فارم 45 اور 47 والوں سے دور فاصلے پر ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نہ فارم 45 والے ہیں اور نہ 47 والے ہیں، ہم دور ہیں فاصلے پر ہیں، جنرل فیض حمید فیض آباد دھرنے میں ملوث نہیں تھے جو ملوث تھے اُنہیں پکڑیں۔

سابق وزیر داخلہ نے بتایا کہ جج صاحب نے کہا ہے ان کے خلاف ریفرنس آگیا ہے اس لیے سماعت نہیں کی، زندگی میں پہلی بار ایسا ہوا کہ سٹنگ جج کے خلاف ریفرنس دائر ہوا، ریفرنس یہ آیا ہے کہ یہ جج پنجاب حکومت کی جانب سے کیس نہیں سن سکتے، میری سیاسی زندگی کا پہلا واقعہ ہے کہ ایک حاضر سروس جج کےخلاف ریفرنس لایا جا رہا ہے، اس جج کے کردار پر قوم پر فخر ہے، 30 اپریل تک سماعت ملتوی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریسٹ کر رہا ہوں ،ریسٹ از دی بیسٹ، الیکشن تو میں ہار گیا ہوں اور اسے تسلیم بھی کرلیا ہے جو جیتے ہیں اب ان سے دھاندلی کے بارے میں پوچھیں،مجھے آج کل کچھ معلوم نہیں کہ حکومت کیا کر رہی ہے کیوں کہ نہ تو میں ٹی وی دیکھ رہا ہوں اورنہ اخبارات پڑھ رہا ہوں، موجودہ حالات میں میری خاموشی زیادہ اہم ہے، 19 کیسز ہیں اور انشاءاللہ بہتری ہو گی، ججزکو لکھے گئے خطوط کو ججز خود بہتر طور پر بحث میں لا رہے ہیں، یہ بہت سیریس اور حساس مسئلہ ہے اس پر زیادہ بات نہ کرنا بہتر ہوتا ہے، حوصلے، صبر اور استحکام اور خاموشی کے ساتھ ان سارے معاملات کو ڈیل کرنا چاہیے۔

ایک موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی تو میں کوئی تبصرے نہیں کر رہا، جیتے ہوئے لوگوں کا انٹرویو کریں میں تو ہارا ہوا ہوں، فی الحال میں کسی سیاسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوں، حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کروں گا، حکومت جنہوں نے چلانی ہے انہوں نے چلانی ہے، ہماری خاموشی رنگ لائے گی، ہم چاہتے ہیں غریب کا چولہا جلے، کیوں کہ غریب کی حالت بہت خراب ہے، ہم دیانتداری سے یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو آگے جانا چاہیئے اور لوگوں کو معافی ملنی چاہیئے، جیلیں بھری ہوئی ہیں جو بے گناہ لوگ ہیں ان کو خدا کے لیے آزادی دیں، 27 رمضان کو ہمارے مقتدر حلقے ایک بڑی عام معافی دیں تاکہ غریب کی مائیں جو گھروں میں رو رہی ہیں ان کو سکون ملے اور ان کے بچے واپس آجائیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں