پی پی پی نے کسانوں ، مزدوروں ، اقلیتوں اور خواتین کو حقوق دیئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، بلاول بھٹو

ہم یونین کونسل کی سطح پر فوڈ اسٹور کھولیں گے جن کو خواتین چلائیں گی، کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کریں گے، کٹھ پتلی اتحاد والے کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کیا، میں مانتا ہوں کہ ابھی بہت زیادہ کام کرنا ہے، طالبان خان اور مجھے کیوں نکالا والوں کے پاس کوئی منشور نہیں ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کا جلسے سے خطاب

بدھ 4 جولائی 2018 17:47

پی پی پی نے کسانوں ، مزدوروں ، اقلیتوں اور خواتین کو حقوق دیئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، بلاول بھٹو
سکرنڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی پی نے کسانوں ، مزدوروں ، اقلیتوں اور خواتین کو حقوق دیئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، ہم یونین کونسل کی سطح پر فوڈ اسٹور کھولیں گے جن کو خواتین چلائیں گی، کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کریں گے، کٹھ پتلی اتحاد والے کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کیا، میں مانتا ہوں کہ ابھی بہت زیادہ کام کرنا ہے، طالبان خان اور مجھے کیوں نکالا والوں کے پاس کوئی منشور نہیں ہے۔

بدھ کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ کی مقبول جماعت ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں، عوام کے ساتھ پیپلز پارٹی کا نسلوں کا رشتہ ہے، جمہوریت کی بحالی کیلئے سکرنڈ کے عوام نے بھی جدوجہد کی ہے، پی پی پی نے کسانوں ، مزدوروں ، اقلیتوں اور خواتین کو حقوق دیئے، ہمارا عوام کے ساتھ خون اور دل کا رشتہ ہے، پیپلز پارٹی نے ہاریوں کو زمینیں دیں اور کسانوں کو حقوق دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواب شاہ میں 4یونیورسٹیاں کس نے بنائیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کس نے شروع کیا جن کے پاس کوئی نظریہ ہی نہیں ہے وہ عوامی مسائل کیسے حل کرینگے، ہم بھوک مٹائو پروگرام کے تحت فوڈ کارڈ دیں گے، ہم یونین کونسل کی سطح پر فوڈ اسٹور کھولیں گے جن کو خواتین چلائیں گی، کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کریں گے، پیپلز پارٹی ہمیشہ غربت کا مقابلہ کرتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کٹھ پتلی اتحاد والے کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کیا، میں مانتا ہوں کہ ابھی بہت زیادہ کام کرنا ہے، طالبان خان اور مجھے کیوں نکالا والوں کے پاس کوئی منشور نہیں ہے، میں شہید بینظیر بھٹوکے مشن کو مکمل کرنے نکلا ہوں، اس مشن کی تکمیل کیلئے عوام کا ساتھ بہت ضروری ہے، اگر عوام میرے ساتھ ہیں تو کوئی مجھے عوامی مسائل حل کرنے سے نہیں روک سکتا۔

سکرنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں