سکرنڈ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس

ایس یو پی کا تمام جماعتوں سے حیسکو کے خلاف مشترکہ جدو جہد شروع کرنے کا مطالبہ

پیر 7 ستمبر 2020 22:04

سکرنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2020ء) سکرنڈ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے زیر اہتمام نجی ہوٹل کے ہال میں بلائی گئی۔ اے پی سی میں شہری اتحاد سکرنڈ، جسقم (بشیر قریشی / اریسر گروپ) ، جی یو آئی ، ایس ٹی پی ، ہمدرد آرگنائزیشن ، ہیومن رائٹس ، پی پی پی شہید بھٹو،نیشنل پیپلز موومنٹ ، مسلم لیگ فنکشنل کے نمایندگان شامل تھے اے پی سی خطاب میں ایس یو پی کے رہنما فلک شیر اوڈ نے کہا کہ حیسکو سکرنڈ نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے بجلی بندش سے شہریوں کی مشکلات میں سو فیصد اضافہ ہو گیا ہے لوگوں کے کاروبار شدید متاثر ہورہے ہیں فلک شیر نے تمام جماعتوں سے حیسکو کے خلاف مشترکہ جدو جہد شروع کرنے کا مطالبہ کیا بعد ازاں اے پی سی میں شامل پارٹی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد ، تین مراحل میں متفقہ طور پر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں 8،9اور 10 ستمبر کو حیسکو آفس کے گیٹ کے سامنے کیمپ لگا کر دھرنا دیا جائے گا ، دوسرے مرحلے میں 11 ستمبر بروز جمعہ کو سینما چوک سے واپڈا آفس تک ریلی نکالی جائے گی۔اور تیسرے مرحلے میں 14 ستمبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ اے پی سی میں شہری اتحاد صدر محمد مراد خانزادہ ، رفیق احمد خانزادہ ، عبدالقادر جیلانی ،ماجد عباسی ، جاوید سومرو ، ایوب کوسو ، عبد الرشید پڑھیار ، علی بخش کیریو ، شوکت حسین میمن ، محمد یوسف علی، نورالدین کیریو اور دیگر قائدین نے شرکت کی جبکہ ایک 11 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی اور کمیٹی کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے تک تحریک جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔#

سکرنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں