قرآن وسنت کا نظام نافذ کئے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا،مولانا لدھیانوی

اتوار 28 اپریل 2024 11:25

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) سنی علماء کونسل کے سربراہ سابق رکن قومی اسمبلی مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ ملک انتہائی خطرناک حالات سے دوچار ہے۔حالیہ الیکشن ملکی تاریخ کے ایسے انتخابات ہیں کہ پارلیمنٹ میں بیٹھا کوئی بھی شخص سر اٹھا کر چلنے کے قابل نہیں۔حکمران قوتوں کو چاہیے کہ وہ جنرل ضیاء الحق مرحوم کی طرز پر مجلس شوریٰ بنا لیں تاکہ قوم کا وقت اور پیسہ برباد نہ ہو۔

سنی علماء کونسل کے سربراہ سابق رکن قومی اسمبلی مولانا محمد احمد لدھیانوی نے سرگودھا آمد پر ویلفیئر کونسل تحصیل بھیرہ کے صدر چوہدری خالد ارائیں اور سنی علما کونسل کے قاری محمد حنیف کے بھائیوں کی دعوت ولیمہ میں شرکت اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 76 سال سے ملک میں جاری سودی نظام کو خاتمہ ممکن نہیں ہو سکا اور معاشی طور پر ملک انتہائی کمزور ہو چکا ہے جب تک ملک میں قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ نہیں ہو گا ملک معاشی طور پر مستحکم نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فروعی اختلافات کی وجہ سے عالم کفر غالب ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ متحد ہو کر فلسطینیوں کو یہودیوں کے مظالم سے بچائے جس کی وحشیانہ بمباری سے 35 ہزار سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گندم کی کم قیمت کسانوں پر ظلم ہے جس میں سستی گندم خرید کر سرمایہ دار انتہائی مہنگے داموں فروخت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ علمائ کا فرض ہے کہ وہ ملی یکجہتی کونسل کو فعال کر کے ملک کی ڈوبتی کشتی کو کنارے پر لگائیں۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں