انتخابات میں عوام جو فیصلہ کریں،اس کے آگے سرِ تسلیم خم کریں گے،وزیراعظم

مہنگائی جادو سے نہیں محنت کرنے سے ختم ہو گی،وقت آ گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس قیامت تک نہ جائیں،شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 22 جولائی 2023 15:22

انتخابات میں عوام جو فیصلہ کریں،اس کے آگے سرِ تسلیم خم کریں گے،وزیراعظم
شرقپور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 جولائی 2023ء) وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انتخابات میں عوام جو فیصلہ کریں گے،اس کے آگے سرِ تسلیم خم کریں گے۔دوبارہ حکومت کا ملا تو پورے ملک میں لیپ ٹاپ کا جال بچھا دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے شرقپور میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں این سی اے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل پر تنقید کی اور کہا کہ برطانیہ کے اکاؤنٹ میں یہ پیسہ پڑا تھا،برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے تحقیق کی۔

این سی اے نے اشتہار لگایا کہ یہ پیسہ پاکستانی عوام کا ہے اور پاکستانی عوام کے خزانے میں جائے گا،مگر وہ پیسہ پاکستان کے خزانے میں نہیں آیا اور سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں چلا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پاکستان کی اسٹیٹ نہیں،اس وقت عمران خان کی حکومت لندن میں پارٹی بن گئی،آپ کو پارٹی بننے کی کیا ضرورت تھی؟۔

(جاری ہے)

پاکستان کا خزانہ اسٹیٹ بینک ہے،یہ پیسہ اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں جاتا تو ٹھیک تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا باہر سے 300 ارب ڈالر لیکر آؤں گا،اگر 300 ارب ڈالر آجاتے تو ہمیں آئی ایم ایف کی منتیں نہ کرنا پڑتیں۔ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کا الزام میرے خلاف بھی لگا تھا،برطانیہ نے میرے خلاف تحقیقات کیں لیکن انہیں کچھ نہیں ملا تھا۔ شہباز شریف نے پی ٹی آئی قیادت پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت میں پاکستان کو تباہی کی طرف لے جایا گیا اور پاکستان کو معاشی تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا۔

انہوں نے آئندہ انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب الیکشن کی آمد آمد ہے،فیصلہ کر لیں 2013 سے 2018 تک ملک کی کیا خدمت ہوئی۔ مجھے پتہ ہے میں نے آئی ایم ایف سے کیسے معاہدہ کیا،مجھے نیند نہیں آتی تھی کہ اگر ہم ڈیفالٹ کر گئے تو کیا بنے گا؟۔ اللہ تعالٰی نے ہمیں ڈیفالٹ سے بچایا،یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان اپنی سمت میں آ چکا ہے،الیکشن کے بعد جس کو بھی حکومت ملے ہم ملکی ترقی میں حصہ ڈالیں گے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ آج غریب آدمی مہنگائی کے ہاتھوں پس چکا ہے،مہنگائی جادو سے نہیں محنت کرنے سے ختم ہو گی،وقت آ گیا ہے کہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے عزت والی زندگی گزارنی ہے یا بھکاری والی،وقت آ گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس قیامت تک نہ جائیں۔

شرق پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں