حکومتی کارکردگی ، بیروزگاری، مہنگائی پر بات کرنے پر ایک ہی جواب آتا ہے این آر او نہیں دینگے،رانا تنویر حسین

حکومت بتائے این آر او اس سے مانگا کس نے ،کیا اس کی حیثیت این آر او دینے کی ہے، عوام کے اندر سے ایک ہی آواز آرہی ہے نالائق حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا،چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی

جمعہ 27 نومبر 2020 17:18

حکومتی کارکردگی ، بیروزگاری، مہنگائی پر بات کرنے پر ایک ہی جواب آتا ہے این آر او نہیں دینگے،رانا تنویر حسین
شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سینئر رہنماء و پبلک اکانٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین نے کہا کہ جب بھی اپوزیشن نالائق و نااہل حکومت کی بری کارکردگی ڈوبتی معیشت مہنگائی اور بے روزگاری پر بات کرتی ہے تو ایک ہی جواب آتا ہے کہ این آر او نہیں دیں گے ،بھلا ان سے پوچھا جائے ان کی حیثیت این آر او دینے کی ہے ،ان سے این آر او کب اور کس نے مانگا، سابق وزیر اعظم میاں نوا ز شریف اور ان کے بھائی سابق وزیر اعلی میاں محمد شہباز شریف سمیت اپوزیشن رہنماں کے خلاف کیسز بن چکے جو عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اب عدالت ہی ان کا فیصلہ کرسکتی ہے جب پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی بات نہیں سنی جائے گی اور اپوزیشن کی کسی بھی فیصلہ میں رائے کو نظر انداز کیا جائیگا تو پھر ہمارے پاس ایک ہی آپشن بچتا ہے کہ ہم عوام کو حکومت کی نااہلیوں اور نالائقیوں کے بارے میں بتائیں اور عوام کے سامنے انکی غیر موثر اور عوام دشمن پالیسیاں لائیں نواز لیگ کی حکومت میں معیشت مستحکم اور درست سمت چل رہی تھی عوام خوشحال اور ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا تھا اب عوام کے اندر سے ایک ہی آواز آرہی ہے کہ اس نالائق حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چئیرمین ضلع کونسل انجینئر رانا احمد عتیق انور،میڈیا کوآرڈینیٹر ندیم گورایہ ڈسڑکٹ انفارمیشن سیکرٹری محمد عزیر بھٹی کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ مشرف دور میں ایک آردیننس کے ذریعے این آر او دیا گیا تھا اب کیا ایسا ممکن ہے کہ نالائق وزیر اعظم کوئی آرڈیننس پارلیمنٹ میں لائیں جس میں این آر او کی بات ہو اگر ایسا نہیں تو پھر بار بار این آر او مانگنے کا جھوٹ نہ بولا جائے، پی ڈی ایم میں شامل نواز لیگ سمیت کسی بھی اپوزیشن جماعت نے کبھی این آر او مانگنے کی با ت تو درکنا ر اس کا تذکرہ تک نہیں کیا ہم حکومتی سیاسی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور 22کروڑ عوام کی آواز بن کر نالائق حکومت سے جان چھڑائیں گے، انہوں نے کہا کہ جس طرح خاموشی سے کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈال دیا گیا ہے اسی طرح حکومت نے چپکے سے اسرائیل کو تسلیم کر لینا ہے جب تک عوام پر سارابھید کھلنا ہے اس وقت تک چڑیا ں کھیت چگ گئی ہوں گی،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے اڑھائی سالہ دور میں ایک بھی بڑا پروجیکٹ نہیں دے سکی عوام کو خوشحالی دینے کے صرف دلفریب وعدے اور نعروں سے بہلا رہی ہے جبکہ لوگ خط غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے ووٹ لینے والے نوکریاں چھین رہے ہیں ہزاروں خاندانوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں اور وزیر اعظم کسی کو نہیں چھوڑوں گاکا شور کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان قوم اب اس جعلی حکومت کو ایک دن برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ہم عوامی طاقت سے اس جعلی حکومت کو چلتا کرنے کیلئے میدان عمل میں آ گئے ہیں اور انشا اللہ اس وقت تک چین نہیں نہیں بیٹھیں گے جب تک عوام کو اس جعلی حکومت سے نجات نہ دلا دیں انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت مسلم لیگ (ن) کا ہے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ی(ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لیکر جائے گی اور ملک میں صنعتی و تجارتی ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں