نواز شریف کو سازش کے ذریعے ہٹا کر تجربات کیے گئے ، ترقی کرتا ملک ڈبو دیا ، خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں ‘ رانا تنویرحسین

جمعہ 22 ستمبر 2023 13:05

نواز شریف کو سازش کے ذریعے ہٹا کر تجربات کیے گئے ، ترقی کرتا ملک ڈبو دیا ، خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں ‘ رانا تنویرحسین
نارنگ منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 2017ء میں نواز شریف کو سازش کے تحت اقتدار سے الگ کیا گیا اور ملک ایک اناڑی کے حوالے کر دیا گیا جس کا نتیجہ پوری قوم بھگت رہی ہے ،گذشتہ چار سالوں میں ملک کے ساتھ کھلواڑ در کھلواڑ کیا گیا اس پر تجربات کئے گئے ،اچھا خاصا ترقی کرتا ملک ڈبو دیا گیا ،آج مہنگائی سمیت تمام عذاب ان چار سالوں کا خمیازہ ہیں جو عوام بھگت رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیدوار برائے ایم این اے رانا احمد عتیق انور اور سابق پارلیمانی سیکرٹری پنجاب چوہدری محمد حسان ریاض کے ہمراہ نارنگ منڈی ریلوے پھاٹک کے قریب کالاخطائی نارنگ روڈ کا باضابطہ افتتاح اور بعد ازاں ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت میاں شاہد محمود چوہدری محمد بلال گھڑکی چوہدری ابرار احمد سیہول اور میاں کامران شاہد ایڈووکیٹ کے ڈیرے پر عوام کے فقیدالمثال جلسہ عام سے خطاب کرتے کیا ۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے واضح کیا کہ 21اکتوبر پاکستان کا تاریخ ساز دن ہوگا جب عوام کا ایک سیلاب اپنے قائد میاں نواز شریف کا پرتپاک استقبال کرت گا اور میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک حقیقی ترقی کی منازل طے کریگا ،حالیہ معاشی بحران ان شا اللہ اختتام پذیر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ سے اب غیر یقینی صورتحال میں بہتری آئے گی عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں کیونکہ مضبوط حکومت کا وجود ہی ملک کے استحکام، بقاء اور ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے ۔

(ن) لیگ جب بھی اقتدار میں آئی عوام کے لئے بہتری لائی، یہ حقیقت ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہر دور میں ملک نے ترقی کی اور عوام کو ریلیف ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم انتقام پر یقین نہیں رکھتے ،سابقہ ادوار میں پی ٹی آئی تحصیل مریدکے کے عوامی نمائندوں نے قومی خزانے کو بے دریغ طریقے سے لوٹا ،نارنگ منڈی شہر کے واٹر سپلائی منصوبے سمیت اربوں کھربوں کی لوٹ مار کی ،عوام کے پیسے سے نئی گاڑیاں خرید لیں ،آج میرا حلقہ مسائلستان کا شکار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کالاخطائی روڈ کا افتتاح ہم کر رہے ہیں ،انہوں نے اپنے دور اقتدار میں دو بارکالاخطائی روڈ کا افتتاح کیا لیکن تعمیر کرنے کی بجائے پیسے کھا گئے پورا حلقہ جانتا ہے کہ اب وہ عوام سے منہ چھپاتے پھرتے ہیں ،یہ سیاست نہیں عوام سے دھوکہ بازی اور فراڈ ہے ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہمارے مکمل کردہ منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر عوام کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ،قوم ان کی کرتوتوں سے بخوبی واقف ہے ،کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں ہوں یا اپوزیشن میں حلقہ کے عوام کی خدمت پوری ذمہ داری دیانتداری سے کرتے ہیں ،آج تک انتقامی کارروائی نہیں کی جبکہ ہمارے سیاسی مخالفین عوام سے اس حد تک بغض رکھتے ہیں کہ (ن) لیگ کے کارکن کا گھر آگیا تو وہاں سے سڑک یا گلی چھوڑ دی یہ کیسی سیاست ہے ،عوام انہیں اچھی طرح جان چکے ہیں اور آئندہ الیکشن میں شکست فاش دیں گے اور محب وطن قیادت کو آگے لائیں گے ،واضح رہے کہ کالاخطائی روڈ لاہور شیخوپورہ اور نارووال اضلاع کے لاکھوں عوام کو سفری سہولیات فراہم کرتی ہے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں