پاکستان کھپے ، میاں صاحب نہ کھپے ،سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے سے معاشی نقصان ہورہا ہے ، بلاول بھٹو

عوام جانتے ہیں پیپلز پارٹی ہی ان کے مسائل حل کرسکتی ہے، اگر وزیراعظم بنا تو نفرت، تقسیم کی سیاست دفن کر دوں گا، چیئرمین پیپلز پارٹی کا شکارپور میں جلسے سے خطاب

ہفتہ 3 فروری 2024 00:55

شکارپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کھپے ، میاں صاحب نہ کھپے کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے سے معاشی نقصان ہورہا ہے ، عوام جانتے ہیں پیپلز پارٹی ہی ان کے مسائل حل کرسکتی ہے، اگر وزیراعظم بنا تو نفرت، تقسیم کی سیاست دفن کر دوں گا ۔

تفصیلات کے مطابق شکارپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہے ہیں لیکن ہم نے معاشی معاہدہ تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ماضی گواہ ہے ،لوگ کہتے ہیں پی پی آئے گی روزگار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں حصہ لینے والی باقی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہیں، انہوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا ہے جس سے پاکستان اور اس کی معیشت کو نقصان ہو رہا ہے، ان کی لڑائی کا بوجھ آپ مہنگائی، بے روزگاری، غربت کی صورت میں اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، سیاسی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ،اگر آپ 8 فروری کو میرا ساتھ دیتے ہیں تو میں آپ کا وزیر اعظم بن کر نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آج نہیں3نسلوں سے غربت کا مقابلہ کررہی ہے،اقتدار میں آئے تو عوام کی بلاتفریق خدمت کریں گے، ہم سب مل کر مہنگائی، غربت کا مقابلہ کریں گے، عوام کے ساتھ بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالوں گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں پیپلزپارٹی ہی ان کے مسائل حل کرسکتی ہے، ہم سازش کونہیں مانتے، ہم کہتے ہیں پاکستان کھپے، میاں صاحب نہ کھپے۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ شکارپور کے عوام ہمیں مایوس نہیں کریں گے آپ نے پہلے بھی ہم پر اعتماد کیا تھا، ہماری حکومت آئے گی تو بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے،مجھے شکارپور سے 100فیصد ووٹ چاہئیں، مجھے اکثریت ملی تومسائل کا حل کرنا آسان ہوگا،یقین ہے 8فروری کو شکارپور میں تیروں کی بارش ہو گی۔

شکارپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں