بچوں کی پیدائش کا اندراج ان کے بنیادی حقوق جیسے تعلیم، صحت اور دیگر قانونی خدمات تک رسائی میں مدد دیتا ہے، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 29 دسمبر 2023 22:50

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2023ء) ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر خدائے رحیم میروانی نے کہا ہے کہ بچوں کی پیدائش کا اندراج ان کے بنیادی حقوق جیسے تعلیم، صحت اور دیگر قانونی خدمات تک رسائی میں مدد دیتا ہے، پیدائش کا اندراج بچوں پر ظلم و زیادتی اور استحصال سے محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی اہم قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے اندراج و حصول کے حوالے سے عوام میں شعور و آگاہی اجاگر کرنے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عمران خان ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قادر ہارون ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی طارق شہباز ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ بلوچ ، ایمرجنسی سپیشلسٹ یونیسیف شیراز علی حاجی بخش ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوارڈینیٹر اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سبی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی سرٹیفیکیٹ اندرونی و بیرونی ممالک میں تعلیمی وظائف کا حصول ممکن بناتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں اور بچوں سے مشقت کے خاتمے میں بھی مدد دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیدائشی سرٹیفکیٹ رجسٹریشن کے لیے عوام میں شعور و آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے ،قبل ازیں چائلڈ برتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پروگرام کے کوآرڈینیٹر نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور یونیسیف کے باہمی تعاون سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بچوں کی پیدائش کے عمل کے اندراج کا کام کیا جا رہا ہے جس میں نادرہ اور میونسپل کمیٹی سمیت محکمہ صحت کا بھی اہم کردار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سروے کے مطابق بلوچستان 44 فیصد پر ہے اس لیے برتھ رجسٹریشن کی ضرورت بہت زیادہ ہے ،انہوں نے کہا کہ یونین کونسل اور میونسپل کمیٹی میں اب آن لائن سسٹم رائج ہو چکا ہے، انہوں نے کہا کہ مئی سے نومبر تک ایم سی اور یو سیز میں 10507 بچوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ عوام میں شعور آگاہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وقت پر والدین پیدائشی سرٹیفیکیٹ رجسٹریشن کروا سکیں، ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر خدائے رحیم نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عمائدین و مختلف مکتبہ فکر کے لوگ اپنے بچوں کے اندراج کے عمل میں بھرپور حصہ لے کر بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔\378

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں