ٹانک، سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، آئی ایس پی آر

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 5 جنوری 2024 10:46

ٹانک، سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک
ٹانک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جنوری2024ء) ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ’ آئی ایس پی آر ‘ کےمطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گل یوسف عرف طور سکیورٹی فورسز کے خلاف ٹانک اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھا، دہشت گرد کمانڈر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

دہشت گرد کمانڈر گل یوسف عرف طور انتہائی مطلوب اور اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے تھی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کاکہنا ہے کہ مقامی افراد نے امن اور استحکام کیلئے سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا، سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ضلع آواران کے علاقے مشکئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ، شدید فائرنگ کا تبادل میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمدکرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ضلع آواران کے علاقے مشکئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلہ ہوا، جس کے دوران پانچ دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا، علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔

ٹانک میں شائع ہونے والی مزید خبریں