خرم منظور نے روس ٹیلر کازیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا

ٹیسٹ اوپنر سابق قومی کپتان سلمان بٹ کے ساتھ زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانےوالے دوسرے قومی بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 12 اپریل 2019 11:23

خرم منظور نے روس ٹیلر کازیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12اپریل 2019ء) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز خرم منظور نے لسٹ اے کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا سابق کیوی کپتان روس ٹیلر کا ریکارڈ برابر کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے زیر اہتمام جاری قائد اعظم ون ڈ ے ٹورنامنٹ میں ٹیسٹ اوپنر خرم منظور نے پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے سندھ کیخلاف116گیندوں پر23چوکوں اور 4 چھکوں کی مددسے 168رنز سکور کیے ،یہ 32سالہ خرم منظور کی لسٹ اے کرکٹ میں 24ویں سنچری تھی جس کےساتھ ہی وہ زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنےوالے قومی بلے بازوں کی فہرست میں سلمان بٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں اور سابق کیوی کپتان روس ٹیلر کا لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔

16ٹیسٹ ،7ون ڈے اور 3ٹی ٹونٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنےوالے خرم منظور اب تک 145لسٹ اے میچز کی 144اننگز میں 53.65کی اوسط سے 6974رنز سکور کرچکے ہیں جس میں24سنچریاں اور34نصف سنچریاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور26سنچریوں کےساتھ سب سے زیاد ہ سینکڑے سکور کرنےوالے ملکی بلے باز ہیں۔ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21سنچریوں کےساتھ تیسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس19سنچریاں سکور کرکے چوتھی جب کہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی اور بابر اعظم18، 18سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ17سنچریوں کے ساتھ چھٹے ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ،ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد ،سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل راﺅنڈر شعیب ملک 16،16سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پرساتویں اور سابق کپتان محمد یوسف اور رمیز راجہ15، 15لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر 8ویں نمبر پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 12/04/2019 - 11:23:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :