مکی آرتھر کے دور میں ٹیسٹ اور ون ڈے میں قومی ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس

سب سے بڑی کامیابی چیمپئنز ٹرافی کی صورت حاصل ہوئی، ٹی 20 میں نمبرون پوزیشن برقرار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 8 اگست 2019 11:11

مکی آرتھر کے دور میں ٹیسٹ اور ون ڈے میں قومی ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اگست 2019ء) مکی آرتھر کے دور میں پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ تباہی سے دوچار رہی، سابق ہیڈ کوچ کے دور میں سب سے بڑی کامیابی چیمپئنز ٹرافی کی صورت میں حاصل ہوئی۔سابق پیسر وقار یونس کی رخصتی کے بعد مکی آرتھر 6 مئی 2016 ءکوپاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر کئے گئے،ان کا انتخاب رمیز راجہ اور وسیم اکرم پر مشتمل کمیٹی نے کیا، مکی آرتھرکوچ بنے تو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے ہاتھوں میں تھی، انھوں نے طویل فارمیٹ میں ملک کا کامیاب ترین کپتان ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا،گرین کیپس نے عالمی نمبرون پوزیشن پربھی قبضہ جمایا، مصباح الحق کے جانے کے بعد سرفرازاحمدکی کپتانی میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم زیادہ کامیابیاں حاصل نہ کرسکی۔

مکی آرتھرکے دور میں پاکستان نے 28 ٹیسٹ میچز کھیلے ان میں سے صرف 10 جیتے،17 میں شکست ہوئی اور ایک مقابلہ ڈرا رہا،اس وقت پاکستان ٹیم آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے، ون ڈے انٹرنیشنل میں مکی آرتھر کی کوچنگ میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی ضرور جیتی لیکن مجموعی ریکارڈ غیر متاثر کن رہا۔

(جاری ہے)

ورلڈکپ میں گرین شرٹس سیمی فائنل تک ناکام رہے جس کے بعد کوچنگ سٹاف سمیت مختلف عہدیداروں کی تبدیلی کا نقارہ بج گیا، ان کے دور میں کھیلے گئے 66 ون ڈے میچز میں سے گرین شرٹس نے صرف 29 جیتے، 34 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 3میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے، اس وقت ٹیم چھٹے نمبر پر ہے، پاکستان کی ٹی ٹونٹی میں کارکردگی بہت اچھی رہی اور سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم نے عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پرقبضہ جمایا جو ابھی تک برقرار ہے۔


وقت اشاعت : 08/08/2019 - 11:11:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :