پی ایس ایل فائنل، لاہور قلندرز کے ڈیوڈ ویسا نے انوکھی خواہش ظاہر کردی

میں لاہور میں پائے کھائوں گا: جنوبی افریقی آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 17 نومبر 2020 15:35

پی ایس ایل فائنل، لاہور قلندرز کے ڈیوڈ ویسا نے انوکھی خواہش ظاہر کردی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 نومبر2020ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے جنوبی افریقی آل رائونڈر ڈیوڈ ویسا نے انوکھی خواہش ظاہر کردی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 2020 کا فائنل آج رات 8 بجے نیشنل سٹیڈیم،کراچی میں شروع ہوگا۔ اس تاریخی فائنل میں روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیںگی۔ یہ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں۔

کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث آٹھ ماہ تک تعطل کا شکار پاکستان سپرلیگ کے بقیہ 4 میچز کا آغاز 14 نومبر کو کوالیفائر سے ہوا۔ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلے گئے اس سنسنی خیز کوالیفائر کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا تھا۔اس روز کھیلے جانیوالےدوسرے میچ یعنی ایلیمنٹر ون میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

ایونٹ کا دوسر ایلیمنٹر لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلا گیا، جہاں لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتےہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

اب کراچی کنگز کیخلاف فائنل سے قبل لاہور قلندرز کے ٹویٹر پر ایک ویڈیو میں ڈیوڈ ویسا کا کہنا تھا کہ ’’میں لاہور میں پائے کھائوں گا‘‘۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کا فائنل دنیا بھر میں براہ راست نشر کیاجائے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے کروڑوں مداح اس فائنل کو براہ راست دیکھیں گے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم نے کوالیفائر میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی تاہم میچ کا اختتام بہتر نہ کرسکے، اسکواڈ میں تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں، ہم فائنل میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہم یہ فائنل ڈین جونز کے لیے کھیلیں گے، وہ ہمارے ڈریسنگ روم میں ایک والد سی شخصیت تھے، ہم یہ ٹرافی جیت کر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کنگز کے اسکواڈ پر فائنل کا کوئی اضافی دباؤ نہیں، ہمارے لیے یہ بالکل ایک نئے میچ کی طرح ہے، کوشش کریں گے کہ یہاں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

سہیل اختر نے کہا ہے کہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچنا ہمارے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، ہم پانچ سال سے اس دن کے لیے محنت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال لاہور قلندرز کی کارکردگی میں ایک تسلسل ہے، ہم فائنل میں بھی شاندار کھیل پیش کریں گے۔ سہیل اختر نے کہا کہ ہمارے فینز نے مسلسل پانچ سال ہمیں اسپورٹ کیا اب ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی اٹھا کر انہیں بہترین تحفہ دینا چاہتے ہیں۔

پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف برتری حاصل ہے۔دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جہاں جیت 6 مرتبہ کراچی کنگز کے نام رہی۔ اس دوران تین میچوں میں فتح حاصل کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے دونوں ٹیموں میں برابر ہونے والا ایک میچ سپر اوور پر بھی جیتا تھا۔ اس ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئی تھیں، جہاں لاہور میں لاہور قلندرزاور پھر کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کامیابی حاصل کی تھی۔
وقت اشاعت : 17/11/2020 - 15:35:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :