اعدادوشمار کے لحاظ سے پاکستان کے پاس دنیا کے بہترین ٹی 20 بائولر موجود

مجموعی طور پر 9 پاکستانی بائولرز نے 50 سے زائد ٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کیں جو کسی بھی کرکٹ کھیلنے والے ملک کی طرف سے سب سے زیادہ ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 2 اگست 2021 16:37

اعدادوشمار کے لحاظ سے پاکستان کے پاس دنیا کے بہترین ٹی 20 بائولر موجود
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 اگست 2021ء ) پاکستان کو دنیائے کرکٹ کی بہترین بائولنگ سائیڈز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جس نے وسیم اکرم ، وقار یونس ، شعیب اختر ، ثقلین مشتاق اور ان جیسے بہت سے عالمی معیار کے بائولر پیدا کیے ہے۔ قومی ٹیم نے آئی سی سی کے 3 ٹورنامنٹ جیتے ہیں جن میں 1992ء کا کرکٹ ورلڈ کپ ، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009ء اور 2017ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شامل ہیں۔

پاکستان کے بولنگ ڈیپارٹمنٹ نے کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، عمر گل ، سعید اجمل اور شاہد آفریدی ٹی ٹونٹی میں ٹاپ ٹین وکٹ لینے والوں میں شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 9 پاکستانی بولرز نے 50 سے زائد ٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کیں جو کسی بھی کرکٹ کھیلنے والے ملک کی طرف سے سب سے زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی ، عمر گل ، سعید اجمل ، محمد عامر ، محمد حفیظ ، شاداب خان ، سہیل تنویر ، عماد وسیم اور حسن علی وہ 9 پاکستانی بائولرز ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

پاکستان کے بعد انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں ایسی ہیں جن کے پاس ٹی ٹونٹی مقابلوں میں کم از کم 50 وکٹیں لینے والے 4 بائولرز ہیں ۔ 5 مرتبہ ورلڈ کپ چیمپئن رہنے والے آسٹریلیا واحد ٹاپ پلیئنگ کرکٹ ملک ہے جس کے پاس 50 ٹی ٹونٹی وکٹیں لینے والا کوئی بائولر نہیں ہے ۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مچل سٹارک اور سابق آل راؤنڈر شین واٹسن 48 وکٹیں لے کر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے آسٹریلین کھلاڑی ہیں۔

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 50 وکٹیں لینے والے بائولرز کا حامل ملک پاکستان ہے جس کے 9 بائولرز نے یہ کارنامہ سرانجام دے رکھا ہے۔ انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت کے 4،4 ، ویسٹ انڈیز ،سری لنکا اور آئرلینڈ کے 3،3 جب کہ جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش ، اور افغانستان کے 2، 2 بائولرز اب تک یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں جب کہ آسٹریلیا کا کوئی کھلاڑی ابھی تک یہ اعزاز اپنے نام نہیں کرسکا۔
وقت اشاعت : 02/08/2021 - 16:37:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :