مورنے مورکل قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ مقرر

38 سالہ کھلاڑی نے 318 بین الاقوامی میچوں میں جنوبی افریقہ کیلئے خدمات انجام دیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 جون 2023 10:58

مورنے مورکل قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ مقرر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جون 2023ء ) جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ بننے کے لیے تیار ہیں۔ 38 سالہ مورنے مورکل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کوچنگ کے معاہدے کی وجہ سے اس سے قبل پاکستان نہیں آ سکے تھے۔ سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر آئندہ ماہ سری لنکا ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

مورنے مورکل نے 318 بین الاقوامی میچوں میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی خدمات انجام دیں اور مجموعی طور پر 544 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی 544 بین الاقوامی وکٹوں میں 160 اننگز میں 309 ٹیسٹ وکٹیں، 114 ون ڈے میں 188 اور 44 ٹی ٹونٹی میں 47 وکٹیں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتے کو سری لنکا کے خلاف آئندہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

قومی سلیکشن کمیٹی نے بلے باز محمد ہریرہ اور آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی 16 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا ہے جن کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے چکر میں پاکستان کی پہلی اسائنمنٹ ہوگی۔ سکواڈ کو ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے جو ٹیم سری لنکا میں سامنا کرے گی، بورڈ نے ایک بیان میں ذکر کیا ہے کہ ٹیم میں چار اسپنرز، چار تیز گیند باز، چھ ماہر بلے باز اور دو کیپر بلے باز شامل ہیں۔ پاکستانی سکواڈ بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر و نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد ہریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 17/06/2023 - 10:58:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :