عمر گل اور سعید اجمل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر

سعید اجمل سپن بولنگ کوچ اور عمر گل فاسٹ بولنگ کوچ ہوں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 نومبر 2023 12:13

عمر گل اور سعید اجمل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 نومبر 2023ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹرز عمر گل اور سعید اجمل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچز مقرر کردیے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سعید اجمل سپن بولنگ کوچ اور عمر گل فاسٹ بولنگ کوچ ہوں گے ، دونوں کوچز کی پہلی اسائنمنٹ دورۂ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہے۔ 39 سالہ عمر گل رواں برس افغانستان کے خلاف شارجہ میں ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

وہ گزشتہ پی ایس ایل سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2022ء میں افغانستان کے باؤلنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2003ء سے 2016ء کے درمیان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 47 ٹیسٹ (34.06 کی اوسط سے 163 وکٹیں) 130 ون ڈے (29.34 کی اوسط سے 179 وکٹیں) اور 60 ٹی ٹونٹی (16.97 کی اوسط سے 85 وکٹیں) کھیلے۔

(جاری ہے)

عمر گل نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی فاسٹ بولنگ کو نئی بلندیوں پر پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

سابق عالمی نمبر ایک ون ڈے باؤلر سعید اجمل اسپن باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ سعید جس نے 2008 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں 447 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے HBL PSL فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ 46 سالہ سعید اجمل نے کہا ہے کہ موقع فراہم کرنے پر ذکاء اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 21/11/2023 - 12:13:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :