پی ایس ایل 9 میں کئی ریکارڈز ٹوٹنے کا امکان

سب سے زیادہ میچز (88) کھیلنے اور وکٹیں (113) لینے کا اعزاز وہاب ریاض کے پاس، کامران اکمل سب سے زیادہ 3 سنچریوں کے مالک، بین ڈنک اننگز میں سب سے زیادہ (12) چھکے لگانے والے بیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 فروری 2024 15:33

پی ایس ایل 9 میں کئی ریکارڈز ٹوٹنے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 فروری 2024ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے آغاز میں محض 3 روز باقی رہ گئے ہیں تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔ اس سال کے ایڈیشن میں لاہور قلندرز 2022ء اور 2023ء کے فائنل میں دونوں بار ملتان سلطانز کو ہرا کر شاندار فتوحات ریکارڈ کرنے کے بعد لگاتار تیسرا ٹائٹل جیتتے ہوئے نظر آئے گا۔

پی ایس ایل میں تمام ٹیموں نے کم از کم ایک ٹرافی جیتی ہے جبکہ لاہور اور اسلام آباد یونائیٹڈ ہی دو مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی ہیں۔ جیسے جیسے بہت متوقع لیگ کا آغاز قریب آتا جا رہا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ کچھ ایسے ریکارڈز پر ایک نظر ڈالی جائے جو پی ایس ایل 9 میں ٹوٹنے کے امکانات ہیں یا ٹوٹ جائیں گے۔ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ اور موجودہ چیف سلیکٹر بولر وہاب ریاض کا نام شامل ہے، جنہوں نے سب سے زیادہ (88) میچز کھیل رکھے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر (81) میچز کے ساتھ کراچی کنگز کے شعب ملک ہیں۔

(جاری ہے)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کپتان سرفراز احمد اس فہرست میں تیسرے نمبر ہیں، انہوں نے 80 میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کررکھا ہے۔ پی ایس ایل میں 88 میچوں میں 113 وکٹیں لیکر وہاب ریاض آل ٹائم ٹاپ وکٹ ٹیکر ہیں، حسن علی 94 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 62 میچوں میں 89 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پشاور زلمی کے سابق کھلاڑی اور پی ایس ایل کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک کامران اکمل نے 7 سیزن میں 3 سنچریاں بنائیں، جو کہ سب سے زیادہ ہے۔

ان کے پیچھے جیسن رائے، شرجیل خان، ریلی روسو اور فخر زمان ہیں جو 2،2 سنچریاں بناچکے ہیں۔ پی ایس ایل 2020ء کے سیزن میں لاہور قلندرز کے بین ڈنک ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے یہ کارنامہ 2 بار سرانجام دیا۔ کراچی کنگز کیخلاف 12 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف 10 چھکے ایک اننگز میں لگائے تھے تاہم وہ رواں سیزن میں پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے نویں سیزن کا آغاز 17 فروری سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 18 مارچ کو شیڈول ہے۔
وقت اشاعت : 14/02/2024 - 15:33:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :