پی ایس ایل چھوڑ کر امبانی کے بیٹے کی شادی میں جانیوالے کیرون پولارڈ پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید

اگر پاکستان میں کوئی ایسی شادی ہو رہی ہوتی تو کیا کوئی کھلاڑی انڈین پریمئیر لیگ چھوڑ کر اس میں شرکت کرنے آتا؟ : سوشل میڈیا صارف کا سوال

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 4 مارچ 2024 14:14

پی ایس ایل چھوڑ کر امبانی کے بیٹے کی شادی میں جانیوالے کیرون پولارڈ پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید
جام نگر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 مارچ 2024ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لیے جانے والے ویسٹ انڈین آل رائونڈر کیرون پولارڈ سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بن گئے۔ سوشل میڈیا صارفین نے پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے 36 سالہ آل رائونڈر کیرون پولارڈ کو اننت امبانی کی شادی میں شریک ہونے کے لیے پی ایس ایل درمیان میں چھوڑنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے سوال کیا کہ اگر پاکستان میں کوئی ایسی شادی ہو رہی ہوتی تو کیا کوئی کھلاڑی انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل) چھوڑ کر اس میں شرکت کرنے آتا؟۔ ایک بھارتی صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پولارڈ پی ایس ایل کے درمیان شادی میں شرکت کے لیے بھارت آگئے، پی ایس ایل کی کوئی عزت نہیں۔

(جاری ہے)

کیرون پولارڈ نے تقریب میں شریک شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی اور تقریب کو یادگار قرار دیا۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے پولارڈ اور آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز اورامبانی خاندان سے ان کے قریبی تعلق کی بات کی۔ ممبئی انڈینز امبانی خاندان کی ملکیت ہے اور پولارڈ 2010ء سے ٹیم کا حصہ ہیں۔ پولارڈ گزشتہ روز ہونے والے کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے میچ میں شامل نہیں تھے۔ اس میچ میں کراچی کنگز کو ملتان کے ہاتھوں اہم میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی گجرات کے شہر جام نگر میں اننت امبانی کی شادی کی تقریبات میں بل گیٹس اور مارک زکربرگ سمیت دنیا بھر کی مشہور اور امیر شخصیات نے شرکت کی۔
وقت اشاعت : 04/03/2024 - 14:14:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :