’سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہئیے‘ عمران خان کا چیئرمین پی سی بی کے بیان پر تبصرہ

سب سے بڑا سفارشی تو محسن نقوی خود ہے اس کی کیا خصوصیات ہیں؟۔ سابق کپتان کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 جون 2024 13:51

’سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہئیے‘ عمران خان کا چیئرمین پی سی بی کے بیان پر تبصرہ
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کا چیئرمین پی سی بی کے بیان پر تبصرہ سامنے آگیا۔ اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے کہا سرجری ہونی چاہیئے بالکل سرجری ہونی چاہیئے لیکن سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہئیے یہ الیکشن کرانے میں ناکام رہے، محسن نقوی سب سے بڑا سفارشی ہے اس کی کیا خصوصیات ہیں ہمارے فوجی شہید ہو رہے ہیں، اسلام آباد میں ڈکیتیاں ہو رہی ہیں لیکن ان کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔

قائد تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پورے پنجاب میں ہمارے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ جہاں کنونشن کرتے ہیں ان کو اٹھا لیا جاتا ہے، 18 سال سے شبلی فراز ایک گھر میں رہائش پذیر ہیں اس پر دھاوا بولا گیا، اپنی جماعت کو پیغام دیا ہے کہ تیاری کریں ملک بھر میں احتجاج ہوگا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دیا اور کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا لیکن بھارت کے خلاف انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے، پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پر فارمنس پر ہے، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ قوم قومی کرکٹ ٹیم میں جلد بڑی سر جری ہوتی ہوئے دیکھے گی، ہم نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لئے ٹیم تیار کرنی ہے اور وقت آگیا کہ باہر بیٹھے نئے ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا جائے ، مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ ٹیم میں کیا چل رہا تھا اور ہارنے کی وجوہات کیا ہیں، قوم کرکٹ ٹیم سے ایسی مایوس کن کارکردگی کی توقع نہیں رکھتی، ہمیں بہتر کارکردگی دکھانی ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی ایک بہترین ٹیم بنانا ہے۔
وقت اشاعت : 11/06/2024 - 13:51:59