ایمانداروں کی حکمرانی ۔۔؟

منگل 26 جنوری 2021

Umer Khan Jozvi

عمر خان جوزوی

گزرے زمانے میں ہمارے ایک دوست جو غلطی سے مسلسل تیسری بارعلاقے کے ممبرمنتخب ہوئے ۔اپنی سیاسی سادگی۔۔مکاری یامداری پن کی وجہ سے روزخبروں کی زینت بنتے رہے۔دلی تعلق اورگہری دوستی کی وجہ سے ہم بھی اس زمانے میں کچھ زیادہ ہی ہاتھ دھوکراس کے پیچھے پڑگئے تھے۔ایک بارکسی تقریب میں ملاقات ہوئی توہاتھ جوڑکرکہنے لگے۔جوزوی صاحب اب توخداکیلئے میری جان بخش اورپیچھاچھوڑدیں۔

ہم نے ہنستے ہوئے کہا۔ممبرصاحب۔آپ اس بھولی بھالی قوم کے ساتھ نت نئے ڈرامے کرنااورلوگوں کومداری کے2سروں والے سانپ دکھانے کے چکرمیں گھمانے پھرانے کاکام ترک کردیں توہم بھی آپ کوکل نہیں آج ہی بخش اورچھوڑ دیں گے۔۔لیکن ممبرصاحب یہ نہیں ہوسکتاکہ آپ اس قوم کو2سروں والے سانپ کی ٹھوکری کے پیچھے گھماتے ۔

(جاری ہے)

۔پھراتے اوردوڑاتے رہیں اورہم خاموش ہوکرتماشادیکھتے رہیں۔

۔ظلم۔۔جھوٹ۔۔فریب۔۔دھوکہ اورفراڈپرخاموش رہناہمیں آتانہیں۔آج حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ہمارے بہت سے دوستوں۔۔بہی خواہوں اورپرستاروں کوبھی اس ممبرصاحب کی طرح ہم سے یہ گلہ اورشکوہ ہے کہ ہم کہیں ہاتھ دھوکران کی تاریخ سازحکومت کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں لیکن حقیقت میں ایساکچھ نہیں۔حق اورسچ تویہ ہے کہ جوہم محسوس کرتے ہیں وہی پھر تحریرکرتے ہیں ۔

اس حکومت میں شامل یہ عجوبے اگراس بھولی بھالی قوم ۔۔مجبور۔۔لاچاراورپریشان حال عوام کے ساتھ روز نت نئے ڈرامے نہ کرتے توان کے سابقہ کارنامے اورسپرہٹ فلموں کے تاریخی سین ہم بھی دل ودماغ سے نکال کربھول جاتے لیکن نئے پاکستان کے چکرمیں توکپتان سے لیکران کے سب کھلاڑیوں کوہرروزکچھ نیاکرنے کاکوئی ایسانشہ چڑھاہواہے کہ جوختم ہونے کانام ہی نہیں لے رہا۔

کوئی نہ کوئی وزیراورمشیرہرروز نیاسے نیا کوئی ایساسوشہ اورلطیفہ چھوڑتاہے کہ جس سے پھرنظریں چراناہمارے جیسے سادہ مزاج لوگوں کے لئے بھی ممکن نہیں ہوتا۔تحریک انصاف کی حکومت کواس ملک کی بھاگ دوڑچلاتے ہوئے ڈھائی سال سے زیادہ کاعرصہ ہوچکاہے لیکن اب تک یہ بات کسی کوسمجھ نہیں آئی ہے کہ یہ حکومت چلانے والے کرتے کیاہیں ۔۔؟یاچاہتے کیاہیں۔

۔؟ڈھائی سال بعدتوشیرخواربچہ بھی نہ صرف اچھابھلاچلناپھرناسیکھ جاتاہے بلکہ کافی حدتک اچھے برے میں تمیزبھی کرلیتاہے لیکن افسوس ڈھائی سال کی عمرعبورکرنے کے بعدبھی اس حکومت نے نہ چلناپھرناسیکھااورنہ ہی اچھے برے میں کوئی تمیزسیکھی۔این آراوکے مبارک الفاظ پرشروع ہونے والی حکومت کی ہربات اورہرکام آج بھی انہی الفاظ سے شروع ہوکرانہی الفاظ پراختتام کوپہنچتاہے۔

۔اگرغلطی سے بادشاہ سلامت یاان کے وزیروں اورمشیروں کے سامنے ملک میں بڑھتی مہنگائی۔۔غربت اوربیروزگاری کاکوئی گلہ شکوہ یاکوئی ذکرکیاجائے توفوراًجواب ملتاہے کہ ہم این آراونہیں دیں گے۔۔دوئم ہمارے یہ حکمران بچپن سے پچپن میں توآگئے لیکن اس کے باوجودوہ بچگانہ حرکتیں انہوں نے نہیں چھوڑیں۔۔یہ جس طرح چوکوں ،چوراہوں اورکنٹینرپرکھڑے ہوکرہرگناہ اس وقت کی حکومت کے سرتھونپتے تھے ۔

اسی طرح یہ آج مسنداقتدارپربیٹھ کرہرجرم وگناہ کواپوزیشن کے کھاتے میں ڈال رہے ہیں۔بجلی ۔۔گیس اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ یہ اپنی مرضی اوراپنے ان مبارک ہاتھوں سے خودکرتے ہیں لیکن اس مہنگائی کے ذمہ داریہ پھرسابق حکمرانوں کوقراردے رہے ہیں۔۔55روپے کلوچینی کو110تک پہنچاکرپھراس میں دس پندرہ روپے کمی پرتومبارکبادیں اپنے وزیروں اورمشیروں کودی جاتی ہیں لیکن تاریخی مہنگائی۔

۔غربت۔۔بیروزگاری۔۔بریک ڈاؤن اورآٹا۔۔چینی وپٹرول بحران پراپنے کسی چہیتے کونشان عبرت بنانے کی بجائے اپنے ہی ان گناہوں کومسلم لیگ ن یاپھرپیپلزپارٹی کے کھاتے میں ڈال کران قصوں اورکہانیوں کااختتام بھی پھراین آراوپرکیاجاتاہے۔۔یہ اچھاکریں یابرا۔۔کسی کوچورکہیں یاایماندار۔۔یہ ان کااپناایمان ہے۔ہم کون ہوتے ہیں ان کوکسی کام سے روکنے والے۔

۔؟یہ تواس وقت جنگل کے بادشاہ ہیں۔۔چاہے انڈہ دیں یابچہ ۔۔یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔۔ہم تواگرجان کی امان پائیں تواتنی سی گستاخی کی جسارت کرتے ہیں کہ یہ این آراوبرانڈوالاچورن یہ آخرکب تک بیچیں گے۔۔؟اورمسلم لیگ ن وپیپلزپارٹی کے نام پریہ اپنے ہی گناہ اورجرائم کب تک سابقین کے کھاتے میں ڈالتے رہیں گے۔۔؟ڈھائی سال بعدتواب ان کویہ ہوش آناچاہیئے کہ اس ملک میں ن لیگ اورپیپلزپارٹی کی نہیں بلکہ ان کی اپنی ہی حکومت ہے۔

۔ 2018سے پہلے اس ملک میں جوکچھ ہوایاجوکچھ کیاگیا۔اس کے بارے میں توآپ نہ صرف نوازشریف۔۔آصف علی زرداری۔۔اسفندیارولی۔۔آفتاب شیرپاؤاور سراج الحق کی طرف انگلیاں اٹھاسکتے ہیں بلکہ مولاناکاگریبان بھی پکڑسکتے ہیں لیکن انتہائی معذرت کے ساتھ 2018کے بعداس ملک میں اب جوکچھ ہورہاہے اس کے ذمہ دارصرف اورصرف آپ ہی ہیں۔آج اس ملک میں نوازشریف کی کوئی حکومت ہے اورنہ ہی آصف علی زرداری۔

۔اسفندیارولی۔۔آفتاب شیرپاؤ۔۔ سراج الحق اورمولاناکی کوئی حکمرانی ۔۔آج اس ملک کے سیاہ وسفیدکے مالک اللہ کے بعدآپ صرف آپ ہی ہیں۔۔آپ حقیقت سے نظریں چرانے کے لئے ایک نہیں ہزارباراین آراوکاچورن بیچیں۔۔آپ صرف آٹااورچینی نہیں بلکہ پٹرول بحران اوربجلی بریک ڈاؤن تک بے شک اپنے تمام گناہوں کی ذمہ داری بھی ن لیگ اورپیپلزپارٹی کے کھاتے میں ڈالیں۔

۔لیکن ایک بات یادرکھیں ۔آپ حقیقت کوپھربھی دنیاسے چھپانہیں سکتے۔۔اس ملک میں جوفصل آپ نے 2018کے بعدبوئی ہے۔آپ چاہیں یانا۔وہ فصل آپ ہی نے آخرکاٹنی ہے۔۔اسی لئے توکہاجاتاہے کہ جوبوؤگے وہی پھرکاٹوگے۔۔ہم آپ کی طرح توکسی کوایمانداری یاچوری کاسرٹیفکیٹ نہیں دے رہے نہ ہی دینے کی کوئی جرات کرسکتے ہیں۔۔ہم تویہ بھی نہیں کہتے کہ سابقین سارے دودھ کے دھلے ہوئے تھے یاہیں۔

ماناکہ سابق حکمرانوں نے واقعی اس ملک کولوٹاہوگا۔یہ بھی ماناکہ آج کے کچھ مسائل بھی انہی سابق حکمرانوں کے پیداکردہ ہوں گے لیکن ہم آنکھیں بندکرکے یہ بھی توہرگزنہیں مان سکتے کہ آج کے ہرگناہ اورجرم کے ذمہ دارسابقین ہی ہیں۔۔آخرآپ بھی توڈھائی سال سے اقتدارکے مزے لوٹ رہے ہیں۔۔انصاف کی نظرسے اگردیکھاجائے تو تمہارے اپنے گناہ ۔۔جرائم اورپیداکردہ مسائل بھی تو کچھ کم نہیں۔

۔ اس ملک کواس نہج تک پہنچانے میں سابق حکمرانوں کے ساتھ آپ کابھی توکوئی ہاتھ اوربرابرکاایک حصہ ہے۔۔سابق حکمرانوں نے توملک کولوٹامگرآپ۔۔؟آپ نے توملک کے ساتھ عوام کوبھی نہیں چھوڑا۔۔ڈھائی سال سے تواس ملک میں نہ کسی چورکی کوئی حکومت ہے اورنہ ہی کسی ڈاکوکی کوئی حکمرانی۔۔پھرکون ہے ایمانداروں میں وہ چوراورڈاکو۔۔؟جوڈھائی سال سے آٹا۔

۔چینی۔۔پٹرول۔۔گیس۔۔بجلی اورروزمرہ اشیاء کی مہنگائی کی صورت میں مسلسل عوام کولوٹتے جارہاہے۔۔خان صاحب۔۔نوازشریف۔۔زرداری۔۔سراج الحق ۔۔اسفندیارولی اورمولاناکے گناہ وجرائم اپنی جگہ۔۔لیکن آج اس ملک میں ان غریب عوام کے ساتھ جوکچھ ہورہاہے یہ صرف اورصرف آپ کے ان ایمانداروں کے گناہوں اورجرائم کی وجہ سے ہورہاہے۔۔گناہ اورجرم آپ کے یہ ایماندارکررہے ہیں اورسزاپھرغریب عوام کوبھگتنی پڑرہی ہے۔

۔مہنگائی۔۔غربت۔۔بیروزگاری۔۔آٹا۔۔چینی اورپٹرول کے یہ بحران کوئی آسمان سے نازل نہیں ہوئے۔۔بلکہ یہ تمام مسائل اورگناہ آپ کے ان ایمانداروزیروں ۔۔مشیروں اورافسروں کے اپنے ہاتھوں کی کمائی اوراپنے پیداکردہ ہیں ۔۔آپ نوازشریف اورزرداری سمیت بے شک کسی کواین آراونہ دیں لیکن خدارا۔۔ریاست مدینہ اورایمانداری کے فضائل بیان کرنے سے پہلے آپ ایک بارضروراپنے ان ایماندارکھلاڑیوں کی خبرلیں۔۔جن کی بے ایمانی کی سزاڈھائی سال سے یہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :