اس وقت عمران خان کو اقتدار کی ضرورت نہیں پاکستان کو عمران خان کی ضرورت ہے ‘

اسلئے پاکستان میں مقیم کشمیری عمران خان کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں‘اس وقت عمران خان ہی ملک میں واحد لیڈر ہیں جو ملک کو درپیش مشکلات سے نکال سکتے ہیں کیونکہ جسطرح بھارت نے کشن گنگا ڈیم اور راٹل ڈیم بناکر آبی دہشتگردی کا آغاز کردیا ہے ‘ وقت آ گیا ہے کہ کشمیری اپنے ووٹ کی طاقت سے نواز شریف سے کشمیریوں کے خون سے غداری کا بدلہ لیں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا افطار ڈنر سے خطاب

پیر جون 16:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت عمران خان کو اقتدار کی ضرورت نہیں بلکہ پاکستان کو عمران خان کی ضرورت ہے اسلئے پاکستان میں مقیم کشمیری عمران خان کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔ کیونکہ اس وقت عمران خان ہی ملک میں واحد لیڈر ہیں جو ملک کو درپیش مشکلات سے نکال سکتے ہیں۔

کیونکہ جسطرح بھارت نے کشن گنگا ڈیم اور راٹل ڈیم بناکر آبی دہشتگردی کا آغاز کردیا ہے اور اس پر ورلڈ بنگ نے بھی پاکستان کا موقف مسترد کر دیا ہے اوربھارت کے اس اقدام سے دریائے نیلم اور جہلم کے پانی کا رخ تبدیل ہو کر رہ جائے گا اور منگلا ڈیم میں بھی پانی خشک ہو جائے گا۔۔نواز شریف کے بیانیے کے بعد امریکہ اور بھارت کو سرجیکل اسٹرائیکس کا جواز پیدا ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا اب وقت آگیا ہے کہ کشمیری اپنے ووٹ کی طاقت سے نواز شریف سے کشمیریوں کے خون سے غداری کا بدلہ لیںاور کشمیری بلے پر مہر لگا کر یہ ثابت کر دیں کہ کشمیری مودی ، جندال اور نواز شریف کی سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لاہور میں پی ٹی آئی کشمیر کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر ایک جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جلسہ کی صدارت پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و ممبر قانون ساز اسمبلی دیوان غلام محی الدین نے کی۔ جبکہ اس موقع پر افطار ڈنر میں پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدرو امیدوار قومی اسمبلی چوہدری اعجاز شفیع ،پی ٹی آئی کشمیر پنجاب کے صدر چوہدری غلام حسین، پی ٹی آئی لاہور کے صدر فاروق آزاد، معظم ڈار اور دیگر سینکڑوں لوگوں نے بھی شرکت کی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے پورے رمضان المبارک میں سارے آزاد کشمیر کا دورہء کرکے کشمیریوں سے کہا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں نواز شریف کی طرف سے آزاد کشمیر کے عوام کا مینڈیٹ چھیننے کا بدلہ پاکستان کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیکر لیں۔اس سلسلے میں نے آج سے پنجاب کے مختلف شہروں کا دورہء شروع کر دیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے مودی کے ساتھ ملکر کشمیریوں کے خون سے غداری کی اور اب بھارت پاکستان کے خلاف آبی دہشتگردی کر رہا ہے۔جسطرح نواز شریف نے اپنا بیانیا دیا ہے اس سے امریکہ ، اسرائیل اور بھارت کے لئے سرجیکل اسٹرائیکس کا جواز پیدا ہو گیا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب صرف ٹھگوں کا ٹولہ رہ گئی ہے اب وہ دور گیا جب پیپلز پارٹی شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی پارٹی تھی اس وقت ہم بھی اس میں پیش پیش تھے۔

اب مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں پارٹیاں ملک کو لوٹ مار اور کرپشن کے نظام کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں۔جبکہ اس وقت عمران خان ہی ملک میں وہ واحد لیڈر ہیں جو پاکستان سے لوٹ مار اور کرپشن کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کر سکتے ہیں۔اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری جنرل دیوان غلام محی الدین نے کہا کہ ہمارے قائد بیرسٹرسلطان محمود چوہدری اس وقت وہ واحد لیڈر ہیں جو اپنے وسائل سے دنیا بھر میں پاکستان کی وزارت خارجہ سے بھی زیادہ مسئلہ کشمیرکو اجاگر کر رہے ہیں اور ان پر کرپشن کا ایک بھی الزام آج تک ثابت نہیںہو سکا۔