Live Updates

مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کر لئے

بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ، شاہد خاقان عباسی نے مری، عمران خان نے اسلام آباد، شاہ محمود قریشی نے ملتان، آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری نے نواب شاہ ، ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور،مولانا فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان ،سید خورشید احمد شاہ نے سکھر،خواجہ سعد رفیق نے لاہور ، راجہ پرویز اشرف نے موہری راجگان ، وحیدعالم خان نے لاہور، سید علی ظفر نے لاہور، شیخ رشید نے راولپنڈی میں ووٹ ڈالا

بدھ 25 جولائی 2018 15:23

مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کر لئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2018ء) مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کر لئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے شہر نوڈیرو کے حلقہ این اے 200 میں شہید میجر مجاہد بوائز سکول میں قائم پولنگ سٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے مری میں حلقہ این اے 57 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں حلقہ این اے 53 میں ڈھوک جیلانی میں قائم پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان کے حلقہ این اے 157 میں گورنمنٹ پرائمری سکول چک نمبر 3 ٹی کے پولنگ سٹیشن پر ووٹ کاسٹ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور شہید بی بی بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری نے نواب شاہ کے حلقہ این ای 213، پی ایس 38 میں اپنے ووٹ کاسٹ کئے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد اپنے حلقہ میں ووٹ کاسٹ نہ کر سکیں، ان کا ووٹ این ای125 میں درج نہیں ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنا ووٹ این اے 135 پی آئی اے ہاوسنگ سوسائٹی میں قائم پولنگ سٹیشن پر کاسٹ کیا۔ متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں حلقہ این اے 238 میں ہائیر سکینڈری سکول عبدالخیل میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

سابق قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے اسلامیہ کالج پولنگ سٹیشن سکھر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے لاہور کے حلقہ این اے 131میں اپنا ووٹ ڈالا۔ سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء راجہ پرویز اشرف نے موہری راجگان میں ووٹ ڈالا۔ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار وحیدعالم خان نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، این اے 125 ایک بڑا معرکہ ہے کیونکہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف پانچ بار اسی حلقہ سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے 53 میں بارہ کہو ڈھوک جیلانی پولنگ سٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 62 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات