پیپلزپارٹی آزاد کشمیر نے بلاول بھٹو زرداری کے دورہ

آزاد کشمیر کو شایان شان بنانے کیلئے بھرپور تیاریوں و انتظامات کا آغاز کر دیا پورے آزاد کشمیر میں عوام رابطہ مہم شروع کر دی گئی،مظفرآباد میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 60 ہزار افراد کاتاریخی جلسہ منعقد کروانے کا اعلان

منگل 3 ستمبر 2019 19:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ آزاد کشمیر کو شایان شان بنانے کے لئے بھرپور تیاریوں و انتظامات کا آغاز کرتے ہوئے پورے آزاد کشمیر میں عوام رابطہ مہم شروع کر دی ہے ،دارالحکومت مظفرآباد میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 60 ہزار افراد کاتاریخی جلسہ منعقد کروانے کا اعلان کر دیا ،گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں ممبر کشمیر کونسل اخترپرویز اعوان، مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر ، حلقہ چار کھاوڑہ کی جملہ یونین کونسل ہاء کے صدور ، جنرل سیکرٹریز نے بھرپور شرکت کی ، اجلاس میں فی حلقہ آٹھ ہزاراور سات حلقوں سے سمیت مظفرآباد ڈویژن سے 60 ہزار افراد لانے کی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے ، پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، سیز فائر لائن پر بھارت کی طرف سے عسکری جارحیت اور تقسیم کشمیر کے ممکنہ فارمولے کو ناکام بنانے کے لئے ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حق خودارادیت کی خاطر پاکستانی کشمیری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں گے ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ، دختر مشرق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قومی کشمیر پالیسی کی طرح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اہل کشمیر کے بے باک ترجمانی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں ، وفاقی حکومت نے اب تک محض فوٹو سیشن اور کھوکھلی کاروائیوں کے علاوہ کوئی با مقصد قدم نہیں اٹھایا ، پیپلزپارٹی کشمیریوں کی حقوق اور تقسیم کشمیر کے خلاف قومی اور عالمی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی ، بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور ان کی عسکری قیادت پاکستان اور کشمیر پر حملوں کی دھمکیاں دیتے دیتے اپنی قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں ، اب بھارت کے خلاف اس کی عوام نے بھی علم بغاوت بلند کر دیا ہے ، دنیا بھر سے جس طرح کشمیریوں کی پرامن جمہوری جدوجہد کو پذیرائی حاصل ہوئی ہے اس کا سارا کریڈٹ آٹھ لاکھ قابض افواج، پیرا ملٹری ٹروپس ، بدنام زمانہ کالے قوانین کے نفاذ ، انسانی شہری حقوق کی خلاف ورزیوں ، کرفیوں کے نفاذ ، پیلٹ گن کے استعمال ، ریاستی جبر کے خلاف سینہ سپر ہو کر مقابلہ کرتے ہوئے خون بہانے کے تسلسل کو جاتا ہے ، چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام ایک بار پھر بلاول بھٹو زرداری کا ایسا شاندار فقید المثال استقبال کرینگے جو اپنی مثال آپ ثابت ہو کر ماضی کی سارے ریکارڈ توڑ دے گا لہذا پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیمیں ووٹروں سپورٹروں کے علاوہ آزادی پسند کشمیری عوام مقدس مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے سیاسی وابستگیوں سے بالائے طاق ہو کر بلاول بھٹو زرداری کے استقبال اور جلسہ میں شرکت کریں ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر کشمیر کونسل اختر پروز اعوان نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں بلاول بھٹو زرداری کی مدبرانہ قیادت پر لگی ہوئی ہیں اہل کشمیر ایک بار پھر وفائوں کی تاریخ رقم کر کے سفاک بھارت کے خلاف فیصلہ کن معرکہ شروع کرینگے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی کشمیری عوام کی موثر آواز بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں دنیا بھر کے ایوانوں میں گونج رہی ہے فخر پاکستان قوم کا مستقبل اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی ، پاکستان کے وقار ، قومی تشخص کی علامت اور ضمانت ہیں ، بلاول بھٹو زرداری کو دنیا کا کم عمر ترین وزیراعظم منتخب کرنے کے لئے کشمیری قوم ہر اول دستے کا کردار ادا کریگی ، اس سے قبل مظفرآباد ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈر کا بھی ایک اجلاس ہوا جس میں سابق وزراء میاں عبدالوحید ، سردار جاوید ایوب ، سید بازل علی نقوی ، چوہدری محمد رشید ،اشفاق ظفر سمیت جملہ تنظمیوں کے عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی اور بلاول بھٹو زرداری کے دورہ کو کامیاب بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں ، جبکہ پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے جہاں بلاول بھٹو زرداری کے 6 روزہ دورہ آزاد کشمیر کو حتمی شکل دینے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔