Live Updates

وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ملاقات، سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

بیرسٹر سلطان محمود نے آزاد کشمیر الیکشن میں بھرپور سپورٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا، پنجاب میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے عثمان بزدار کی محنت رنگ لارہی ہے، عثمان بزدار کا تمام علاقوں کی یکساں ترقی کا ویژن ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے‘صدر آزاد کشمیر آزاد کشمیر میں بھی نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی، آزاد کشمیر الیکشن میں بھی شفافیت اور خدمت نے منفی سیاست کو شکست دی‘عثمان بزدار

پیر 20 ستمبر 2021 22:08

وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزاد جموں و کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر الیکشن میں بھرپور سپورٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا ۔ عثمان بزدار اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور کشمیری عوام پر ظلم وستم کی مذمت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ عوام حکومتی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیراب حقیقی معنوں میں ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔ آزاد کشمیر الیکشن میں بھی شفافیت اور خدمت نے منفی سیاست کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن بھی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکار کی جبرو استبداد کی پالیسی مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

بھارت اپنی آگ میں خود جل رہا ہے اور وہ دن دورنہیں جب بھارت کے کئی ٹکڑے ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اورہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ہمارے دل کشمیر کیلئے اورکشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کے سفر میں پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے آزاد کشمیر کا ساتھ دے گا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں بدلا ہوا ہے۔

کشمیری عوام نے اپنے لہوسے آزادی کی شمع روشن کی ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر تنازعہ کشمیر کا مقدمہ جرأت اوردلیل سے لڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے اور عثمان بزدار کی محنت رنگ لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کا تمام علاقوں کی یکساں ترقی کا ویژن ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات