ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ،سردی کی شدت بڑھ گئی

کئی روز جاری برف باری کے باعث سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس کی وجہ سے مذکورہ علاقو میں اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی ، موسم کی خرابی کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ، لاہور جانے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیاجبکہ سردی کی شدت بڑھنے کے باعث گیس کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ،پریشر میں کمی کے باعث ہاتھ سے تیار کئے جانے والے چولہوں کا استعمال بڑھ گیا

جمعہ 7 جنوری 2022 23:38

مظفر آباد /گلگت /پشاور/کوئٹہ /لاہور/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2022ء) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف کے علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہا جس کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ،کئی روز جاری برف باری کے باعث سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس کی وجہ سے مذکورہ علاقو میں اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی ، موسم کی خرابی کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ، لاہور جانے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیاجبکہ سردی کی شدت بڑھنے کے باعث گیس کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ،پریشر میں کمی کے باعث ہاتھ سے تیار کئے جانے والے چولہوں کا استعمال بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت جمعہ کو بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ بھی جاری رہا ، کئی روز سے جاری برف باری کے باعث سڑکیںبند ہوگئیں جس کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ۔

(جاری ہے)

ادھر بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید برف باری اور بارش کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ آمدورفت کے لیے معطل ہوگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق برف باری کے باعث کوئٹہ ڑوب شاہراہ بھی کان مہترزئی کے مقام پر آمدورفت کیلئے بند رہی۔اطلاعات کے مطابق کوڑک ٹاپ اور زیارت میں ایک بار پھر شدید برف باری ہوئی ،کچھ علاقوں میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش بھی ہوئی۔

چمن شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش نے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا کردی ہے۔ادھر نوکنڈی، چاغی اور نوشکی سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا ، سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی، ناظم آباد، لیاقت آباد، صدر، شارع فیصل اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں یخ بستہ ہوائوں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے ادھر صوبائی دارالحکومت کراچی میں شہریوں نے بتایا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے اور مہنگائی میں ایل پی جی سلنڈر نہیں خرید سکتے، لکڑی پر کھانا تو پک جاتا ہے لیکن آنکھیں، ہاتھ اور گھر کا خانہ خراب ہوجاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کم آمدنی والے افراد تو لکڑی بھی سوکھے درختوں سے خود کاٹنے پر مجبور ہیں۔ادھر لاہور میں بھی لکڑی بیچنے والوں کی دکانوں پر شہریوں کا رش رہا۔ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی میں گیس کا شارٹ فال 257 ایم ایم سی ایف کا ہے،گھریلو صارفین کا گیس پریشر بہت دھیما ہے۔کوئٹہ میں شہریوں نے گیس کے چولہوں کا متبادل ڈھونڈ لیا، گیس پریشر میں کمی کے باعث ہاتھ سے تیار کئے جانے والے چولہوں کا استعمال بڑھ گیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے یہ چولہے خرید رہے ہیں جو لکڑیوں سے جلتے ہیں۔شہریوں کے مطابق ان چولہوں پر کھانا بھی پک سکتا ہے اور اسے بطور ہیٹر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہفتہ سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مغربی ہوائوں کا سلسلہ کراچی سے رخصت ہو گیا ہے، تاہم مشرقی سندھ پر اس کے اثرات دوپہر تک رہنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں کے 9 جنوری تک مغربی سلسلے کے زیرِ اثر رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہرِ قائد کراچی کے ہفتہ سے 16 جنوری تک سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ 16 جنوری کے بعد مغربی ہوائوں کا ایک اور سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہونے کا بھی امکان ہے۔

ادھر پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسم میں اچانک شدید خرابی کے باعث درجن بھر پروازوں کو متبادل ایئر پورٹ پر موڑ دیا گیا۔ابو ظہبی سے لاہور پہنچنے والی ایئربلیو کی پرواز پی کے 431 کافی دیر سے فضا میں چکر کاٹ رہی ہے، جبکہ دمام سے لاہور پہنچنے والی فلائینس ایئر لائن کی پرواز وائی ایس 883 ہولڈ پر ہے۔دوحہ سے لاہور پہنچنے والی قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 628 بھی فضا میں چکر کاٹ رہی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی تا لاہور پی کے 302، ابو ظہبی تا لاہور پی کے 264 اور جدہ تا لاہور پی کے 9760 کو اسلام آباد اتار لیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق متاثر ہونے والی پروازوں کے 447 مسافروں کو خصوصی بسوں کے ذریعے لاہور لے جایا جائے گا۔جدہ سے لاہور پہنچنے والی سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی اے 734 بھی فضا میں ہولڈ پر ہے، غیر ملکی کارگو کمپنی کی پرواز ای ایس 179 بھی فضا میں چکر کاٹ رہی ہے۔

لاہور کے لیے کویت ایئر کی پرواز کے یو 203 اور دبئی سے ایمریٹس ایئر کی پرواز ای کے 624 کو اسلام آباد اتار لیا گیا ہے۔لاہور سے روانہ ہونے والی پروازیں پی کے 303، لاہور تا کراچی پی کے 9759، لاہور تا جدہ اور پی کے 189 لاہور تا بحرین منسوخ کر دی گئی ہیں۔لاہور ایئر پورٹ سے مجموعی طور پر 30 پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔