Live Updates

نوازشریف اور آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں حاصل کیں‘نون لیگی قائد کے بچے بھی توشہ خانہ سے مستفید ہوتے رہے

گھڑیوں کے شوقین نوازشریف نے کئی گھڑیاں اور دیگر قیمتی اشیا ءحاصل کیں‘آصف علی زرداری نے دو بی ایم ڈبلیو گاڑیاں توشہ خانہ سے نکلوائیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 13 مارچ 2023 13:59

نوازشریف اور آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں حاصل کیں‘نون ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 مارچ ۔2023 ) پاکستان کی وفاقی حکومت نے سال 2002 سے 2023 کے درمیان سیاست دانوں اور سرکاری عہدیداروں کو ملنے والے تحفوں کا ریکارڈ پبلک کر دیا ہے ان شخصیات میں اہم سیاسی شخصیات، صدور، وزرائے اعظم اور اعلیٰ عہدیدار اور ملک کے نامور صحافی بھی شامل ہیں. ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے 2002 سے لے کر اب تک کے توشہ خانہ کے تحائف کا ریکارڈ پبلک کردیا ہے446 صفحات پر مشتمل 2002 سے لے کر 2023 کے ماہ رواں تک توشہ خانہ کے تحائف کا ریکارڈ جاری کیا گیا ہے جس میں صدر، وزراءاعظم اور وفاقی وزرا کے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات شامل ہیں، رواں سال 2023 میں موجودہ حکومت نے 59 تحائف وصول کیے ہیں.

(جاری ہے)

ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں توشہ خانہ میں 224 تحائف موصول ہوئے، 2021 میں 116 تحائف، 2018 میں 175 تحائف اور 2014 میں 91 جب کہ 2015 میں 177 تحائف حکومتی ذمہ داران نے وصول کیے. پبلک کیے جانے والے ریکارڈ میں سابق صدر مملکت پرویز مشرف، سابق وزرائے اعظم شوکت عزیز، سید یوسف رضا گیلانی، میاں نوازشریف، راجہ پرویز اشرف اور عمران خان سمیت دیگر کے نام شامل ہیں جب کہ موجودہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور صدرعارف علوی کے توشہ خانہ تحائف بھی شامل ہیں.

سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ساڑھے 8 کروڑ روپے کی ڈائمنڈ گولڈ گھڑی حاصل کی، انہوں نے 56 لاکھ 70 ہزار روپے کے کف لنکس کا جوڑا حاصل کیا، 15 لاکھ روپے کا قلم اور 87 لاکھ 50 ہزار روپے کی انگوٹھی رکھی سابق وزیراعظم عمران خان نے چاروں اشیا کے 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے ادا کیے، اس کے علاوہ عمران خان نے 38 لاکھ روپے کی ایک اورگھڑی 7 لاکھ 54ہزارروپے اداکرکے حاصل کی.

نواز شریف نے توشہ خانہ سے 42 لاکھ سے زائد مالیت کی گاڑی چند لاکھ روپے ادا کرکے رکھ لی اس کے علاوہ انتہائی قیمتی گھڑی، کف لنکس، گلاس کا سیٹ اور قالین بھی حاصل کیا سابق وزیراعظم نے 11 لاکھ 85 ہزار مالیت کی گھڑی رکھی. انہوں نے 25 ہزار روپے مالیت کے کف لنکس اور ایک عدد قلم بھی رکھا،نواز شریف نے 15 ہزارمالیت کے 4 کویتی یادگاری سکے بھی توشہ خانہ سے حاصل کیے سابق وزیراعظم نے ان تینوں اشیا کے لئے 2 لاکھ 43 ہزار روپے ادا کیے ان کو ملنے والی کار کی مالیت 42 لاکھ55 ہزار 919 روپے لگائی گئی جو انہوں نے 6 لاکھ 36 روپے ادا کر کے رکھ لی.

آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے تین گاڑیاں حاصل کیں، دو بی ایم ڈبلیو اور ایک ٹویوٹا لیکسز ایل ایکس 470 شامل ہیں ان کروڑوں کی گاڑیوں کی قیمت لاکھوں میں ادا کرکے حاصل کی گئیں اس کے علاوہ سابق صدر نے 25 ہزار مالیت کا گھوڑے کا ماڈل، 50 ہزار مالیت کا پستول توشہ خانہ سے حاصل کیا. آصف علی زرداری نے دونوں اشیا 9 ہزار 750 روپے میں حاصل کیں سابق صدر نے ساڑھے 12 لاکھ مالیت کی گھڑی اور 14 ہزار600 مالیت کا گولڈ پلیٹڈ کویتی سکے کا ماڈل رکھا سابق صدر نے 6 ہزار 800 مالیت کاسلورپلیٹڈکویتی سکے کاماڈل بھی حاصل کیا، انہوں نے تینوں اشیا کے ایک لاکھ 89 ہزار روپے اداکئے.

مریم نواز اور کلثوم نواز نے توشہ خانہ سے کھانے پینے کی مختلف اشیا مفت میں حاصل کیں مریم نوازنے پائن ایپل کا ایک ڈبہ بغیر کوئی قیمت ادا کیئے اپنے پاس رکھا جبکہ انہوں نے ایک بیش قیمت گھڑی بھی توشہ خانہ سے حاصل کی. شہباز شریف نے بھی گائے کا ماڈل، صراحی، وال، باول، خنجر سمیت مختلف اشیا مفت میں اپنے پاس رکھ لیں سابق وزیرخزانہ عمرایوب نے ساڑھے4لاکھ کی گھڑی توشہ خانہ میں دی.

سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور ان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے سب سے زیادہ تحائف حاصل کیے، کم مالیت کے بیشتر تحائف وصول کنندگان نے قانون کے مطابق بغیر ادائیگی کے حاصل کئے،واضح رہے کہ 2002 میں 10ہزار روپے سے کم مالیت کے تحائف بغیر ادائیگی رکھنے کا قانون تھا اور 10 ہزار تا4لاکھ روپے کے تحائف 15فیصدرقم ادا کرکے رکھنے کی اجازت تھی جبکہ 4 لاکھ سے زائد مالیت کے تحائف صدریا حکومتی سربراہان کو رکھنے کی سہولت حاصل تھی تاہم کوئی بھی سربراہ مملکت یا سرکاری عہدیدار قانون کے مطابق گاڑی توشہ خانہ سے نہیں لے سکتا .

2018 میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو 2 کروڑ 50 لاکھ مالیت کی گھڑی تحفے میں ملی اپریل2018 میں شاہدخاقان عباسی کے بیٹے عبداللہ عباسی کو 55 لاکھ مالیت کی گھڑی ملی 2018 میں شاہد خاقان کے بیٹے نادر عباسی کو ایک کروڑ 70 لاکھ مالیت کی گھڑی تحفے میں ملی گھڑی کی قیمت 33 لاکھ 95 ہزار روپے توشہ خانہ میں جمع کروا کر گھڑی حاصل کی گئی. ادھر توشہ خانہ کے قانون سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ بین القوامی مارکیٹ میں کروڑوں روپے مالیت کے تخائف کی ویلیو بھی چند لاکھ روپے لگائی گئی اور ا س کا چند فیصد دے کر وہ تخائف حکمران اشرافیہ لے اڑتی ہے حالانکہ وہ اس ملک کی ملکیت ہوتے ہیں جبکہ توشہ خانہ کے افسران جو حکمرانوں کی مرضی کے مطابق ان کی ویلیو طے کرتے ہیں وہ بھی اس سے مستفید ہوتے ہیں اور قیمتی اشیاءلے اڑتے ہیں جنہیں گمشدہ یا غائب ہونے والے تخائف کی لسٹ میں ڈال دیا جاتا ہے.

ان کا کہنا ہے کہ تفصیلات سامنے آنے سے سب سے زیادہ نقصان نوازشریف ‘آصف علی زرداری اور ان کی جماعتوں کو پہنچے گا کیونکہ انہوں نے توشہ خانہ کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتہائی بیش قیمت گاڑیوں کی ویلیو چند لاکھ لگوا کر انہیں اونے پونے داموں خریدا جبکہ آصف علی زرداری پر ایک الزام یہ بھی ہے کہ انہوں نے یوسف رضا گیلانی کی وزارت عظمی کے دور میں ایک بیش قیمت گاڑی توشہ خانہ سے نکلواکر مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف کو تحفہ میں دی تھی.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات