Live Updates

نظام عدل پرسوال اٹھ رہے ہیں، عمران خان کو کیوں پکڑا نہیں جاسکتا، مریم اورنگزیب

منگل 14 مارچ 2023 22:38

نظام عدل پرسوال اٹھ رہے ہیں، عمران خان کو کیوں پکڑا نہیں جاسکتا، مریم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2023ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نظام عدل پرسوال اٹھ رہے ہیں، عمران خان کو کیوں پکڑا نہیں جاسکتا،سب کو پتا ہے عدالتیں عمران خان کو نہیں پوچھ سکتیں،یہ تحریک کیلئے تیار ،عدالت کیلئے معذور ،بیمار ہے،عمران کے شروع کردہ آئی ایم ایف پروگرام سے حکومت کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، ان کی سیاست ناکام ہو چکی ، اب یہ لاشوں کے منتظر ہیں،خود بلٹ پروف گاڑیوں میں بیٹھ کر تقریریں کرتے ہیں ،ان کے گھروں سے چلنے والی گولیوں سے لوگ شہید ہوتے ہیں،پہلے یہ الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیتے رہے اب کہتے ہیں ساتھ کھڑے ہیں، ثاقب نثار نے قوم کے بچوں کا مستقبل تاریک کیا، ان کی تضحیک ان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہو رہی ہے،وزیراعظم نے رمضان پیکیج کا آغاز پنجاب سے کیا ہے،حکومت نے رمضان میں یوٹیلٹی سٹورز پر مفت آٹا غریب لوگوں کو فراہم کرنے کی شروعات کی ہیں،تمام عمل کی بھرپور نگرانی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے رمضان پیکیج کا آغاز پنجاب سے کیا ہے،حکومت پنجاب نے رمضان میں یوٹیلٹی سٹورز پر مفت آٹا غریب لوگوں کو فراہم کرنے کی شروعات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں مفت آٹے کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے،اس تمام عمل کی بھرپور نگرانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے شروع کردہ آئی ایم ایف پروگرام سے حکومت کے ہاتھ بندھے ہونے کے باوجود ایسا پیکیج عوام کو دیا جا رہا ہے، لاہور میں بیٹھے ایک شخص کی غلیظ اور گھٹیا سیاست دفن ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت اس شخص نے جنرل باجوہ کی منتیں ترلے کیں،اس شخص نے چار سال پاکستان کے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، اسی وجہ سے اس کے خلاف ان کے اپنے اراکین تحریک عدم اعتماد میں شامل ہوئے، اس نے تحریک عدم اعتماد کا سنتے ہی سائفر پر کھیل کھیلنا شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سازش امریکہ سے ہوتی ہوئی جنرل باجوہ تک پہنچی،امریکہ سے شروع ہو کر محسن نقوی تک سازش پر بیانات بدلے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکہ سے بھی معافیاں مانگیں حالانکہ اسی سائفر پر انہوں نے پارلیمنٹ توڑی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے آئین شکنی کی، سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا کہ آئین شکنی ہوئی،چار سال ملک کے خلاف سازش کے بعد ملک کے حالات بہتر ہونا شروع ہوئے، عمران خان نے مارچ 2022میں آئی ایم ایف پروگرام معطل کر دیا تھا، ہم نے اس پروگرام کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے آئی ایم ایف کو دوبارہ ٹیبل پر لائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے بات کی کہ ہم سخت شرائط نہیں مان سکتے، اس پر دوبارہ بات ہوئی،آج ملک میں مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی صدف ان کے کنٹینر سے ٹکر لگ کر شہید ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کانسٹیبل کو ان کے عہدیدار کے گھر سے گولی لگی، اس کے چھ بچے یتیم ہوئے، ظل شاہ کی لاش راجہ شکیل کے ڈالے میں ہسپتال پہنچائی گئی،سب کو پتہ تھا کہ دو دن پہلے یہ کارروائی ہوئی ہے، یاسمین راشد کو بھی معلوم تھا، اس شخص کو پتہ ہے کہ اس کی غلیظ سیاست ناکام ہو چکی ہے، یہ شخص اپنی سیاست کے لئے اب لاشوں کا منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل لاہور میں ایک ننھی منی ریلی نکالی گئی، لوگوں نے انہیں مسترد کردیا،یہ بلٹ پروف گاڑیوں میں بیٹھ کر تقریریں کرتے ہیں اور اپنے لیڈروں کے گھروں سے چلنے والی گولیوں سے لوگ شہید ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نظام عدل کے اوپر سوال اٹھ رہے ہیں، آئین اور انصاف کے اوپر سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیوں عمران خان کو پکڑا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ جب انہیں عدالت طلب کرتی ہے تو گالیاں دیتے ہیں، یہ عدالتوں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتا ہے کہ نہیں آؤں گا، جب حاضری سے استثنیٰ مل جاتا ہے تو خاموشی اختیار کرلیتا ہے، آج کل تو میں نے سنا ہے کہ عدالتوں نے ہمت کی ہے، وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں،میں بڑے انتظار میں تھی کہ جو وارنٹ جاری ہوئے ہیں وہ اب تک معطل کیوں نہیں ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تحریک کیلئے تیار ہے اور عدالت کیلئے معذور ہے، بیمار ہے، بزرگ ہے، وہ بیماری ہے کہ جس کا میں ذکر بھی نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پوچھا جا رہا ہے کہ فارن فنڈنگ کی ہے یا نہیں، خیرات کے پیسے سیاست میں لگائے ہیں یا نہیں، ٹیریان آپ کی بیٹی ہے یا نہیں، توشہ خانہ سے گھڑی چوری کی ہے یا نہیں، جواب دے دیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس نے توشہ خانہ کا ریکاڈ پبلک کیا ہے، آج وہ ہی لوگ سوال اٹھا رہے ہیں جو یہ کہہ کر انکار کرتے رہے کہ بیرونی تعلقات خراب ہو جائیں گے، اب کرنے کیلئے کوئی بات نہیں رہی تو توشہ خانہ کی ادھوری لسٹیں لے کر جھوٹے بیانئے کیلئے باتیں کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ توشہ خانہ سے چیزیں لینا اور چوری کرنا دو الگ الگ باتیں ہیں،قانون کے مطابق چیزیں لینا غلط نہیں ہے، چیزیں چوری کرنا، پیسے جمع نہ کرانا، اس کو بیچ دیں، اس کی جعلی رسیدیں بنانا ، بیچنے کے بعد پیسے جمع کرانا، قانون بدل کر تحفے لینا، پھر قانون بدلنا اور اس کو توشہ خانہ میں ظاہر نہ کرنا یہ جرم ہے اور اگر آپ نے یہ جرم نہیں کیا تو عدالت میں جواب دے دیں، ٹوئٹر پر جھوٹ بولنے کیلئے بٹھائے اپنے ٹرولز کو اپنی لسٹ بھی دے دیں کہ میں نے گھڑی چوری کرکے بیچ دی، پھر قانون تبدیل کرکے اس کے پیسے جمع کرادیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے توشہ خانہ ریکارڈ پبلک کرکے جراتمندانہ فیصلہ کیا جنہوں نے چوری نہیں کی انہوں نے تلاشی دی، تمام ریکارڈ فراہم کیا، یہ تو کہتے تھے کہ ریکارڈ پبلک کرنے سے تعلقات خراب ہوجائیں گے، سائفر سے تعلقات نہیں ہوں گی ،سفارتی تعلقات تباہ نہیں ہوں گی لیکن چوری گھڑی ظاہر کرنے سے تعلقات خراب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں پیش ہونیوالے رہنماء نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کیساتھ کھڑے ہیں، یہ اس الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں جس کو وہ دھمکیاں دیتے رہے ہیں، ان کے بچوں کو قتل کی دھمکی دی، جس کو لعن طعن کی، گالیاں دیں۔

سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے بچوں کے مستقبل کو تاریک کیا، آپ کس حیثیت سے عمران خان سے ملتے تھے، آپ نے تو ان کیخلاف فیصلے دینے تھے، آپ کے مفادات کا ٹکراؤ تھا ان کے ساتھ تو پھر کیوں ان سے ملتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار نے اگر صفائی دینی ہے تو سپریم کورٹ جا کر اپنی صفائی دیں، آپ چیف جسٹس پاکستان نہیں بلکہ چیف جسٹس آف ان جسٹس آف پاکستان تھے۔

انہوں نے کہا کہ بابا رحمتا عوام کو ڈیم فول بنا کر چلے گئے، بابا رحمتے نے کہا کہ میں نے عمران خان کو پورا صادق و امین ڈیکلیئر نہیں کیا تھا، عمران خان صادق و آمین بھی آدھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار نے جعلی حلفیہ بیان پر اس کا گھر ریگولرائز کروایا،ثاقب نثار نے پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن کمپین چلائی اور کہتے ہیں کہ دوسروں کے بچے بے ادب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز آج اپنے والد کی عزت کا باعث ہے، وہ ملک کی بہادر لیڈر ہے جو تمہیں بے نقاب کرتی ہے، مریم نواز بہادری کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب اعتراف ہو رہا ہے، لوگ آپ کا نام لے رہے ہیں، سب لوگ سوالات پوچھ رہے ہیں تو کہہ رہے ہیں کہ میری تضحیک ہو رہی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ کی تضحیک آپ کے اعمال اور آپ کے فیصلوں کی وجہ سے ہو رہی ہے،آپ کے فیصلوں سے پاکستان کی آئندہ آنے والی نسلوں کا مستقبل کمپرومائز ہوا ہے۔

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اب یہ مذاق بن گیا ہے سب کو پتا ہے کہ عدالتیں عمران خان کو نہیں پوچھ سکتیں، 22 کروڑ عوام کو پیغام ہے کہ عمران خان کا آئین و قانون، ان کا جرم، ان کی سزا اور ہے، یہ واضح پیغام عدالت نے دے دیا ہے، یہ فیصلے اعتماد اور ساکھ کو ٹھیس پہنچاتے ہیں، یہ تو پیغام ہے کہ جس کو بھی عدالت بلائے وہ پلستر چڑھالے، دھمکیاں دے، حملہ آور ہو، دھمکیاں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس ثبوت نہیں ہے، وہ جواب نہیں دینا چاہتا لیکن عدالتیں اس کا حصہ بنیں، نظام عدل کے اوپر سوال اٹھ رہے ہیں، آئین اور انصاف کے اوپر سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیوں عمران خان کو پکڑا نہیں جا سکتا، ہمیں پتا ہوتا ہے کہ سماعت ہے تو یا تو بیل ملے گی، منسوخ ہوگا یا وارنٹ جاری ہوگا جو 2 گھنٹے بعد منسوخ ہوجائیگا، ایک طریقہ کار بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیوں ایک شخص عدالت، آئین و قانون سے اوپر ہے، اس نے جرم کیا ہے تو جواب دے ، تلاشی دے ، وہ فارن ایجنٹ بھی ہے، ٹیریان کا والد بھی ہے، وہ توشہ خانہ چور اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے اپنی چوریاں بچائیں بھی ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات