اہل کراچی کی گنتی کم کرنے والے غدار ہیں، عوام عام انتخابات میں ان سے انتقام لیں گے ، حافظ نعیم الرحمن

پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور نواز لیگ نے مجرمانہ طور پراہل کراچی کو ان کی حقیقی نمائندگی ، وسائل ، ملازمتوں کے کوٹے سے محروم کیا ہی،ْ امیرجماعت اسلامی کراچی ایک کروڑ 47لاکھ افراد کو کم گنا گیا ہے اگر کراچی کی گنتی پوری ہو تی تو ہماری قومی اسمبلی میں 32اور صوبائی اسمبلی میں 65سیٹیں ہو جاتیں،6اکتوبر کو گورنر ہائوس سندھ پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ۔سراج الحق کی قیادت میں اہل کراچی کا مقدمہ لڑیں گے، کئی دن سے سن رہے ہیں کہ کراچی میں ٹارگٹڈ ایکشن ہونے والا ہے ، آئی جی بتائیں وہ ایکشن کب لیا جائے گا ،2005سی2009کا چائنا کٹنگ ماسٹرز کا گولڈن پیریڈ تھا،کھیل کے گرائونڈز پر قبضے کیے گئے ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے بیڑہ غرق کیا ہے ،پریس کانفرنس

پیر 2 اکتوبر 2023 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2023ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اہل کراچی کی گنتی کم کرنے والے کراچی کے غدار ہیں اور عوام عام انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے ان غداروں سے انتقام لیں گے اور ان تمام پارٹیوں کو مسترد کر دیں گے جو اس جرم میں شریک ہیں ،کراچی کی گنتی پوری نہ کرنے پر تمام حکمران پارٹیوں نے اتفاق رائے کیا ہوا ہے ، پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور نواز لیگ نے مل کر اور مجرمانہ طور پر ایک مرتبہ پھر اہل کراچی کو ان کی جائز اور حقیقی نمائندگی ، وسائل ، ملازمتوں کے کوٹے ، انفرا اسٹریکچر اور ترقی سے محروم کیا ہے ۔

کراچی کے ایک کروڑ 47لاکھ افراد کو کم گنا گیا ہے اگر کراچی کی گنتی پوری ہو تی تو ہماری قومی اسمبلی میں 32اور صوبائی اسمبلی میں ہو جاتیں۔

(جاری ہے)

اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے اور پیٹرول و بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں ، جان لیوا مہنگائی اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کے خلاف جمعہ 6اکتوبر کو گورنر ہائوس سندھ پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور وہیں فیصلہ کریں گے کہ کب اُٹھنا ہے ۔

اہل کراچی کی آواز پورے ملک میں گونجے گی ، سراج الحق کی قیادت میں اہل کراچی کا مقدمہ لڑیں گے اور ملک بھر کے عوام کو نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پیر کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، نائب امیر کراچی راجہ عارف سلطان اور سیکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ہمارے پاس غیرجانبدار سرویز موجود ہیں جن میں 45%سے زیادہ لوگوں نے بتایا کہ ہمارے یہاں تو کوئی گننے والا آیا ہی نہیں ، مستقل پتے کی بنیاد پر جن افراد کا نادرا میں اندراج ہے آج سے چھ مہینے پہلے کی رپورٹ کے مطابق ان کی تعداد ایک کروڑ 91لاکھ ہے ،کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں ایسے لوگ رہتے ہیں جن کا موجودہ اور مستقل پتہ کراچی میں نہیں ہوتا اور لاکھوں ایسے لوگ موجود ہیں جن کا موجودہ پتہ تو کراچی کا ہے لیکن مستقل پتہ کراچی کا نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر میں امن و امان ، مسلح ڈکیتیوں، لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائمز کی بدترین صورتحال ہے ،100 سے زائد لوگ صر ف آٹھ مہینے میں قتل کردیے گئے ،ہم آئی جی سندھ سے پوچھنا چاہتے ہیں ، ہم کئی دن سے سن رہے ہیں کہ کراچی میں ایک ایسا ٹارگٹڈ ایکشن ہونے والا ہے جس میں واضح طور پر ٹارگٹ لوگوں کو پکڑا جائے گا ،آئی جی بتائیں وہ ایکشن کب لیا جائے گا میڈیا میں باتیں چل رہی ہیں کہ کراچی میں کرائے کے اسلحے کا کاروبار چل رہا ہے ،منشیات کے اڈے چل رہے ہیں ، اس کا جواب کون دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں شعبہ تعلیم کی صورتحال بدترین ہے ،سندھ میں15 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے اور ایم کیو ایم مسلسل اس کی اتحادی رہی ہے ،ان 15 سالوں میں سندھ میں سندھ میں 49ہزار اسکول بتائے جاتے ہیں ،پرائمری ،سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری ،ان میں8500 اسکول ایسے ہیں جس میں کلاس روم ہی نہیں ،21700 اسکولوں میں بائونڈری وال نہیں ہے ،20800 اسکولوں میں باتھ روم نہیں ہے ،22300 اسکولوں میں پینے کا پانی نہیں ہے اور 31600 اسکولوں میں بجلی نہیں ہے ،یہ ہے پیپلز پارٹی کی 15سالہ کارکردگی ۔

296 ارب روپے کا بجٹ کہاں جاتا ہے ،کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور بدترین طریقے سے قوم کا مستقبل تباہ کرنے کے لیے سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی جاتی ہیں ، 2005سی2009کا گولڈن پیریڈ تھا چائنہ کٹنگ ماسٹرز کا جنہوں نے کھیل کے گرائونڈز اور پارکوں پر قبضے کیے ۔اس طرح پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کرکراچی کا بیڑہ غرق کیا ہے ۔