مولانا فضل الرحمان ، آصف علی زر داری ، نواز شریف ودیگر نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے

بدھ 20 دسمبر 2023 21:30

اسلام آباد/ ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2023ء) ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آگئی، ڈیرہ اسماعیل خان سے جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 44 کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے بھی این اے 44 کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، جبکہ سابق سینیٹر وقار احمد خان نے این اے 45 کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

نواب شاہ سے سابق صدر آصف علی زرداری نے این اے 207 سے انتخابی فارم وصول کیا، مانسہرہ سے ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے این اے 15 کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کیے، ملتان سے یوسف رضا گیلانی این اے 148 سے انتخابی دنگل میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے، جبکہ سیالکوٹ سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی این اے 70 سے کاغذات وصول کیے ہیں۔

خیرپور سے سابق وزرائے اعلیٰ غوث علی شاہ اور قائم علی شاہ نے کاغذات وصول کیے، جبکہ سابق ارکان اسمبلی پیر صدر الدین شاہ، نفیسہ شاہ، نواب خان وسان نے بھی خیر پور سے ہی کاغذات نامزدگی وصول کرلیے۔سکھر سے پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ، نعمان اسلام شیخ، ناصر شاہ نے کاغذات وصول کیے، بدین سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سابق ایم پی اے حسنین مرزا نے کاغذات وصول کیے۔لسبیلہ سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، سابق صوبائی وزیر صالح بھوتانی اور اسلم بھوتانی کے کاغذات وصول کیے گئے، جہانگیر ترین کی بیٹی مہر خان ترین نے این اے 155 اور پی پی 227 سے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔مظفرگڑھ سے جمشید دستی نے این اے 175 اور 176 کیلئے کاغذات حاصل کرلیے۔