پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھندکا راج برقرار، حادثات میں ایک شخص جاں بحق ، خواتین سمیت 8شدید زخمی

دھند کے باعث موٹرویز مختلف مقامات سے بند، فلائٹ شیڈول بھی متاثر، 12پروازیں منسوخ ،6متبادل ایئر پورٹس پر منتقل ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،چند مقامات پر تیز ہوائوں اور بارش ،پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے ‘محکمہ موسمیات

جمعہ 19 جنوری 2024 12:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2024ء) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ،ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور خواتین سمیت 8افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ دھند کے باعث فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا جس کی وجہ سے 12پروازیں منسوخ اور 6متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کر دی گئیں ۔

ترجمان موٹرویز سید عمران احمد کے مطابق دھند کے باعث حدنگاہ کم ہونے پر موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے ، موٹرویایم ٹو، ایم تھری، ایم فائیو سمیت ایم الیون بھی دھند کے باعث بند رہی ۔انہوں نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، قومی شاہراہوں پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ دھند کے موسم میں صبح 10سے شام 6بجے تک بہترین سفری اوقات ہیں، روڈ یوزرز گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند میں تیز رفتاری سے پرہیز کیا جائے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھا جائے، شہری معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

اوکاڑہ میں ٹریفک کے 3مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 8افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ٹریفک کے تمام حادثات شدید دھند کے باعث پیش آئے، پہلا حادثہ بائی پاس، دوسرا کینٹ کے قریب اور تیسرا حادثہ فیصل آباد روڈ پر ہوا، تینوں واقعات میں بسیں اور ٹرک آپس میں ٹکرائے، ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 8 شدید زخمی ہوئے۔ریسکیو ٹیموں نے حادثات میں جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، مرنے والے شخص کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں افضل، غلام مصطفی اور محسن وغیرہ شامل ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں دھند برقرار رہنے کے باعث 12پروازیں منسوخ اور 6کو متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کردیا گیا۔جدہ سے لاہور کے لیے نجی ایئر لائن کی پرواز کو کراچی میں لینڈ کرایا گیا جبکہ دبئی ملتان، دمام اور کویت سٹی سے سیالکوٹ کی 3 پروازوں کی اسلام آباد لینڈنگ ہوئی۔بحرین اور کراچی سے لاہور کی 2 پروازوں کو بھی اسلام آباد اتارا گیا جبکہ لاہور کراچی پی آئی اے کی دو پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

سعودی ایئر لائن کی جدہ سے لاہور کے لیے پرواز ایس وی 738 بھی منسوخ کردی گئی جبکہ اسلام آباد کراچی کی نجی ایئر کی دو اور شارجہ کی ایک پرواز منسوخ کی گئی۔ملتان سے جدہ کے لیے نجی ایئر لائن کی دو، کراچی سے دمام اور گوادر کی 3 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ دو روز موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم جنوب مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند چھائے رہے گی۔ خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض کہر پڑنے کا امکان ہے۔شمالی علاقوں میں شدید سردی اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ گزشتہ روز اسکردو میں درجہ حرارت منفی 9،گلگت،استور اور کالام میں منفی 6سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت ایک ، لاہور میں 4اور کراچی میں 13ڈگری رہا۔