پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر نظریاتی جوش و جذبے اور ملی یکجہتی سے منانے کا اعلان

بدھ 24 جنوری 2024 17:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نامزد امیدوار اسمبلی حلقہ 7 شوکت جاوید میر نےمیڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر حکومت کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی سربراہی میں ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول ناقابل تسخیر دفاع کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی،5فروری کو لبریشن کمیشن اور پاسبان حریت کے باہمی اشتراک سے ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی جو سنٹرل پریس کلب سے پیدل مارچ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مشن دفتر جائے گی اور سیکرٹری جنرل اونتو نیو گوتریس کے نام میمورنڈم پیش کر کے سیکورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادں پر عمل درآمد اور مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ قابض افواج کی ریاستی دہشت گری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے کا مطالبہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

شوکت جاوید میر نے کہا کہ ریلی کی قیادت وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین سابق وزرائے اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان سردار محمد یعقوب خان سردار عتیق احمد خان مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر تحریک انصاف کے صدر سردار عبد القیوم نیازی جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر مشتاق احمد قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کے علاوہ حریت کانفرنس کے قائدین سمیت تمام مکاتب فکر کے زعماء کریں گے ۔

شوکت جاوید میر نے کہا کہ بھارت نے مربوط ڈائیلاگ،اقدمات برائے بحالی اعتماد دو طرفہ تجارت جیسے اہم فیصلوں کو بھی طرح طرح کی سازشوں سے سبوتاژ کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا ،،حریت کانفرنس کے قائدین کی نظر بندی خواتین رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر کی جیلوں سے بھارت کی جیلوں میں منتقل کرنا ،سفری دستاویزات پر پابندی اقلیتوں پر نت نئے مظالم بھارتی سلامتی کے لئے خطرے کی گھنٹیاں بجا رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخی حیثیت کو مسخ کرنے کیلئے چالیس لاکھ سے زائد غیر ریاستی افراد کو کشمیری شہریت کے حقوق دیئے ہیں جسکا مطلب اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

انھوں نے کہا پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 28 فروری1974کو دونوں اطراف تاریخی عام ہڑتال کی کال دی تھی بلکہ پیپلز پارٹی کے بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی، پاکستان، پیپلز پارٹی،مسلئہ کشمیر کے تعلق روح اور جسم کی مانند ہے اہل کشمیر پانچ فروری کو گھروں سے نکل کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور اپنے محکوم مظلوم بہنوں بھائیوں نوجوانوں کی مدد کیلئے عالمی برادری کو متوجہ ہونے پر مجبور کر دیں یہی وقت کا تقاضا اور تاریخ کی سدا ہے۔