Live Updates

Sحکومت سازی کیلئے سیاسی جماعتوں کے رابطوں

iکا سلسلہ جاری، ایم کیو ایم کے وفد کی جاتی امراء آمد

اتوار 11 فروری 2024 18:30

Qلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2024ء) عام انتخابات کے بعد ملک میں حکومت سازی کیلئے مختلف سیاسی پارٹیوں نے رابطے کئے ہیں۔ اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے اعلیٰ سطحی وفد نے جاتی امراء رائے ونڈ میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں مرکز میں حکومت سازی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم نے اپنی شرائط سمیت پیپلز پارٹی سے متعلق اپنے کچھ تحفظات بھی پیش کئے ، دونوں جماعتوں نے ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار اورمصطفی کمال پر مشتمل وفد جاتی امراء رائے ونڈ پہنچا جہاں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے پارٹی کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ ان کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مریم نواز، اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ خان، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور رانا مشہود نے قیادت کی معاونت کی۔

دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے انتخابات میں کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مرکز میں حکومت سازی سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے ے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں نے مرکز میں سامنے آنے والے نمبرز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کی ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ دونوں جماعتوںمیں سیاسی تعاون اورمل کر چلنے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات