Live Updates

عمران خان ایک ناسور ہے جس کی باتیں فضول ہیں، شرجیل میمن

عمران خان کی انقلاب کی باتیں ایسی ہیں جیسے '' یہ منہ اور مسور کی دال'' یا ''سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی''، ثاقب نثار پروجیکٹ عمران خان کا حصہ تھے

جمعہ 12 اپریل 2024 22:05

عمران خان ایک ناسور ہے جس کی باتیں فضول ہیں، شرجیل میمن
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ، ایکسائز ٹیکسیشن، نارکوٹکس کنٹرول ڈپارٹمنٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان ایک ناسور ہے جس کی باتیں فضول ہیں، عمران خان کی انقلاب کی باتیں ایسی ہیں جیسے '' یہ منہ اور مسور کی دال'' یا ''سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی''، ثاقب نثار پروجیکٹ عمران خان کا حصہ تھے جنہوں نے ملک میں عدل انصاف کے نظام کو برباد کیا، سندھ میں گندم کی بمپر کراپ ہوئی ہے، ملک کو زراعت کے شعبے میں مضبوط کرنے اور لوگوں کو ان شعبوں میں خود کفیل کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے عید الفطر کی نماز اپنی رہائش گاہ راول ہائوس ٹنڈوجام میں ادا کی، میڈیا سے گفتگومیں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج کے اس بابرکت دن کے موقع پر اہل وطن بشمول تمام سیاستدانوں اور ان ورکروں کو جن کو ورغلایا جاتا ہے کو بھی عید مبارک پیش کرتا ہوں، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہماری قیادت کی کوشش ہے کہ ہم سب کو مل کر عوام الناس کو مہنگائی سمیت تمام پریشانیوں سے نکالیں اور ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ سندہ حکومت نے صحت کے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح دیگر شعبوں کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی،شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انکم سپورٹ پروگرام آصف علی زرداری کا اہم کارنامہ ہے جس کے ڈیٹا کے تحت غریب عوام کی مالی معاونت ہو رہی ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ عید کے فوری بعد میرپور خاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے جا رہے ہیں، جبکہ خواتین کو سفر کی معیاری سہولت فراہم کرنے کے لئے مزید پنک بسیں اور ای وی ٹیکسی سمیت ٹرانسپورٹ میں عید کے بعد بڑے پروجیکٹ شروع کرنے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف بھی سخت کارروائی شروع کی ہے، ہم معاشرے کو منشیات سے پاک کرنا چاہتے ہیں اب منشیات کے خلاف کریک ڈان بنا کسی تفریق کے کیا جائے گا، صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت سندھ میں گندم کی بمپر کراپ ہوئی ہے ملک کو زراعت کے شعبے کو مضبوط کرنے اور لوگوں کو ان شعبوں میں خود کفیل کرنے کی ضرورت ہے،صوبائی وزیر نے کہا کہ امن امان کے حوالے سے سندہ کے وزیر داخلہ اور تمام پولیس افسران مل کر کام کررہے ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت امن امان کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ناسور ہے جس کی باتیں فضول ہیں عمران خان نے پرویز مشرف کے ریفرنڈم اس کی حمایت کی، عمران خان جس دروازے سے اقتدار میں آیا تھا وہ چور دروازہ تھا اور جب وہ اس ملک کا وزیراعظم تھا تو اس نے سیاسی سماجی طور پر جو کردار ادا کیا وہ کسی ڈھکا چھپا نہیں، اس شخص نے اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے اپنے ملک کی سالمیت کو خطرے میں ڈالا، عمران خان کی انقلاب کی باتیں ایسی ہیں جیسے '' یہ منہ اور مسور کی دال'' یا ''سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی''، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار پروجیکٹ عمران خان کا حصہ تھے جنہوں نے ملک میں عدل انصاف کے نظام کو برباد کیا، کاش جوڈیشری کی طرف سے تب خط لکھے جاتے، لیکن ایسا نہیں کیا گیا 14 سال صدر آصف علی زرداری کو جیل میں رکھا گیا تب خط کیوں نہیں لکھے گئے ہمارے لیے قانون کچھ اور دوسرے علاقوں کیلئے قانون کچھ اور ہے، قائد عوام کو جھوٹے کیس میں پھانسی دے دی گئی اس وقت کسی نے خط کیوں نہیں لکھا گیا، پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس، قاسم سوری کو نااہلی پر اسٹے آرڈر دیا گیا، یہ تلخ حقیقت ہے صرف مخصوص لوگوں کو نوازا گیا اس وقت خط کیوں نہیں لکھے گئے، عمران خان کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں ہوئی جو اس نے کیا اس کی سزا اس کو ملنی چاہیے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی کی صورتحال متحدہ کے دور اقتدار سے کافی بہتر ہے تاہم اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی جس کیلئے تمام ادارے بلا تفریق کارروائی کریں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن مضبوط ہونی چاہیے تاکہ عوامی مسائل کی صحیح نمائندگی ہوسکے اپوزیشن جمہوریت کا حسن ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمن میمن بھی وہاں موجود تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات