Live Updates

دوسری جماعتوں سے کہوں گا قوم کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے نواز شریف کے ساتھ مل کر اکٹھے ہوں ‘ شہبازشریف

ہفتہ 18 مئی 2024 23:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائمقام صدر محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے اگر ہم سب نے مل کر کشتی کو منجدھار سے نکالنے کے لئے پوری کوشش نہ کی توآنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی ، میرا ایمان ہے نواز شریف قوم کو یکجا کر سکتے ہیں، اس سے بہتر موقع نہیں ہو سکتا کہ دکھی قوم کو آپ اکٹھا کریں اور اس قوم کو آگے لر کر چلیں، میںدوسری جماعتوں سے کہوں گا کہ نواز شریف کے ساتھ مل کر اکٹھے ہوں اور اس قوم کے زخموں پر مرہم رکھیں، صحیح معنوں میں قائد اعظم کے خواب کی تعبیر کے لئے اکٹھے ہو جائیں، دن رات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے آپس میں جڑ جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ، راجہ ظفر الحق ،اسحاق ڈار ، احسن اقبال ، خواجہ آصف، رانا تنویر ، خواجہ سعد رفیق، حمزہ شہباز ، سلیمان شہباز ، انجینئر مقام ، پرویز رشید ، سیف الملوک کھوکھر سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔

وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ جب قائد مسلم لیگ (ن)نواز شریف کے ساتھ صریحاً ظلم، زیادتی اور انصاف کے پرخچے اڑائے گئے اس کے نتیجے میں مجبوری کے طور پر کسی کو پارٹی کا وقتی طو رپر صدر منتخب کرنا تھا میں اپنے قائد نواز شریف اور آپ سب کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر یہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے مجھے وہ امانت جو میرے قائد نواز شریف اور آپ نے سونپی تھی میں خدائے بزرگ و برتر کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے مجھ نا چیز اور خطاکار انسان کواللہ تعالی نے ہمت دی، طوفانوں میں آپ کے بھرپور تعاون کے ساتھ یہ ذمہ داری ادا کر سکا، اگر سو فیصد نہیں تو کافی حد تک آپ کے تعاون سے ذمہ داری ادا کی اور آج میرے لئے اس سے بڑھ کوئی اور اطمینان کا اور قلبی سکون کا مرحلہ نہیں ہو سکتا کہ یہ امانت اپنے بڑے بھائی قائد پاکستان قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے قدموںمیں دوبارہ نچھاور کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ برتائو جو آپ کے ساتھ2018میں ہوا تھا وہ پہلی بار نہیں ہوا تھا، 1999میں بھی ہوا تھا جب آپ کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈالی گئیں اور ظلم کے پہاڑ توڑے گئے اور مجھ جیسا چھوٹا بھائی اس دلخراش منظر کو نہیں دیکھ سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم کامرہ سے اڑے تو آپ کو ہتھکڑی لگی ہوئی تھی اور دوسرے جو جہاز میں سوار تھے انہیں بھی ہتھکڑیاں لگائی گئیں میں اس دلخراش منظر کو قیامت تک نہیں بھول سکتا ،کراچی لے جایا گیا اور لانڈھی جیل میں بند کیا گیا جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی غیر موجودگی میں میری بھابھی اور بہن مرحومہ کلثوم نواز نے جس دلیری کے ساتھ تحریک چلائی اس کو سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں آپ سب کو جنہوںنے ان سخت ترین مرحلوںمیںنواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا ماسوائے چند فصلی بیٹروں کے، آپ نے ہر چیز کا مقابلہ مردانہ وار کیا اور نواز شریف کے ساتھ ہر لمحے موجود رہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں جدہ میں غریب الوطنی پر مجبور کیا گیا، اس وقت بھی مجھے آپ نے یہ امانت سونپی تھی یہ ہے وہ رشتوں محبتوں کا اخوت کا سبق جو آپ نے ہم سب کو سکھایا ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو نواز شریف صفر سے سو پر لے کر گئے، اس سے پہلے کیا تھا فلاں لیگ درجنوں لیگیں تھیں اور پوری قوم گواہ ہے کہ کس طریقے سے پارٹی کو اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ نے شبانہ روز محنت سے کھڑا کیا ، سندھ کی مہران کی وادیاں ہوں ، چاہے وہ بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑ ہوں، پنجاب کے میدان ہوں یا خیبر پختوانخواہ کے برف پوش پہاڑ ہوں آپ نے دن رات ایک کی اور مسلم لیگ (ن) کو زندہ کیا اور اس میں جان ڈالی ، میں اس لئے یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ میرے بڑے بھائی ہیں بلکہ میں بلا خو ف تردید کہنا چاہتا ہوں یہ حقائق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ اندرون سندھ کے قریہ قریہ اور دیہاتوں میں گئے ، نواز شریف نے مہران کی وادیوں میںپہلی مرتبہ بے گھر لوگوں کو ہزاروں ایکڑ زمینیں ان کے حوالے کیں اور ان کو مالکان بنایا، پنجاب میں جب1985میں آپ نے اقتدار سنبھالا تو آپ نے ترقیاتی سیاست کا نام متعارف کرایا اس سے پہلے صرف تقریریں تھیں ، ترقیاتی سیاست کا تعارف کرانے والا اگر پاکستان کی تاریخ میں کوئی شخص آیا ہے تو اس کا نام محمد نواز شریف ہے ،آپ کی خدمات قوم بھول نہیں سکتی، آپ کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئیں، ظلم روا رکھا گیا وہ سب قوم کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے انتہائی تحمل، برداشت، برد باری اور فراست کے ساتھ ان مشکلات کا سامنا کیااور پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کو گھر گھر متعارف کرایا ۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھ کر دلیرانہ فیصلے کئے جنہیں تاریخ کبھی نہیں بھلا سکے گی، میں اس بات کا گواہ ہوں اور بھی گواہ ہیں،کہا جارہا تھاکہ ایٹمی دھماکہ نہ کریں اور پانچ ارب ڈالر لے لیںآپ نے فیصلہ کیا کہ مجھے پاکستان کے عظیم تر مفاد کیلئے کوئی بھی قربانی دینا پڑی تو دوں گا اور پاکستان کوایٹمی طاقت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے کہا تھاکہ پاکستان کے اندر امن قائم کرنا میرا فرض ہے، آپ نے فیصلہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف بھرپور کارروائی کرنی ہے اور پوری قوم نے دیکھا کہ نواز شریف کے دور میں افواج پاکستان کے ساتھ مل کرملک کے اندر دہشتگردی کا خاتمہ کیا اور تاریخ گواہ ہے کہ اس عظیم خدمت کو بھلا نہیںپائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے دورمیں سندھ کراچی کے اندر امن قائم کیا لیکن آپ کو اس کے نتیجے میں دکھ ،تکالیف، ظلم و زیادتی اور غم ملا، سب جانتے ہیں آپ اڈیالہ جیل میں تھے ،آپ کی اہلیہ لندن میں بستر مرگ پر تھیں اور آپ کو اطلاع نہیں دی گئی، آپ نے صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیا اور اللہ کو یاد کیا اور یہ وہی کر سکتا ہے جس کے دل میں اللہ کا خوف ہو اور کوٹ کوٹ کر پاکستانیت بھری ہو، کچھ ہو جائے آپ پاکستان کے خلاف نہیں سوچ نہیں سکتے ،تاریخ گواہ ہے کہ آپ نے کبھی پاکستان کے خلاف بات کرنا تو دور سوچا تک نہیں، یہ بات آپ کو ہمیشہ کے لئے امر کر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2013سی2018تک قوم کو لوڈ شیڈنگ اندھیروں سے نکالا، آپ نے اپنی خدمت کا ریکارڈ محنت سے ثابت کر دیا، آپ چین سے پاکستان کیلئے سی پیک لے کر آئے، 33ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آپ لے کر آئے، برادر ممالک سے تعلقات مستحکم کئے، پوری قوم گواہ ہے کہ کس طرح اس کے بعد ایک ایسا شخص ملک پر مسلط کر دیا گیا کہ جس نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ،خارجہ پالیسی اورترقی کا جنازہ نکال دیا۔

آپ نے وزیر اعظم کے طور پر میرے کاندھوں پر ذمہ داری ڈالی ہے ، آخری لمحوں تک میں نے اپنے قائد کی منت کی کہ آپ وزیر اعظم بنیں، میں ورکر بن کر آپ کے شانہ بشانہ کام کروں گا لیکن آپ نہیں مانے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان پہاڑ جیسے مسائل میں گھرا ہے، قرضے، بیروزگاری اورمہنگائی کو لے لیں ، آپ نے معیشت کو 6.5پر چھوڑا تھا آپ مہنگائی کو ساڑھے تین فیصد پر لے کر آئے تھے، پاکستان میں بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا تھا، پاکستان کو صحیح معنوں میں ایشین ٹائیگر بنانے کی سطح پر لے آئے تھے،آج پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے اگر ہم سب نے مل کر کشتی کو منجدھار سے نکالنے کے لئے پوری کوشش نہ کی توآئندہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی ۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے نواز شریف یہ کام کر سکتے ہیں قوم کو اکٹھا یکجا آپ کر سکتے ہیں، اس سے بہتر موقع نہیں ہو سکتا کہ دکھی قوم کو آپ اکٹھا کریں اور اس قوم کو آگے لر کر چلیں، میںدوسری جماعتوں سے کہوں گا کہ نواز شریف کے ساتھ مل کر اکٹھے ہوں اور اس قوم کے زخموں پر مرہم رکھیں، صحیح معنوں میں قائد اعظم کے خواب کی تعبیر کے لئے اکٹھے ہو جائیں، دن رات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے آپس میں جڑ جائیں ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ مشکل تو ضرور ہے نا ممکن نہیں ہے، اللہ تعالی نے چاہا تو آپ کی سربراہی میںیہ کام آگے بڑھائیں گے، مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں، اللہ تعالی نے آپ کو وہ صلاحیتیں تجربہ اور حوصلہ دیا ہے کہ آپ منجدھار سے گھبرائے نہیں، چین، سعودی عرب، قطر، یو اے ای، کویت اور دوسرے ممالک، امریکہ یورپ سب سے تعلقات بہتر بنانے میں آپ کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے اور اسی کو ہم آگے لے کر چلیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات