نائب امیر جماعتِ اسلامی، قومی سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں 26 جولائی دھرنا تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے گفتگو

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر منگل 23 جولائی 2024 16:37

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2024ء) نائب امیر جماعتِ اسلامی، قومی سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں 26 جولائی دھرنا تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا اِن شاءاللہ ہوگا۔ مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی ناقابل برداشت قیمتوں، آئی پی پیز، آئی ایم ایف کے ستائے عوام کا عظیم الشان ترجمان دھرنا ہوگا۔

عام آدمی، سفید پوش طبقہ باعزت زندگی گذارنے اور سانس لینے کا حق چاہتا ہے۔ 26 جولائی اسلام آباد دھرنا پُرامن ہوگا، پریشان حال عوام کا پُرجوش احتجاج ہوگا۔ ہمارا ہدف لاقانونیت نہیں، حکومت اُلٹنا نہیں، پارلیمنٹ پر قبضہ یا سپریم کورٹ کی بےتوقیری نہیں، ہم عوام کے لیے باعزت باوقار زندگی، روزگار کا حق حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

مہنگائی، یوٹیلٹی بلز، لاقانونیت، کرپشن، رشوت عوام کے لیے اب ناقابلِ برداشت ہوگئے۔

کرپٹ مفاد پرستی کی عادی عیاش مافیا اب ملک کا بوجھ ہے۔ لیاقت بلوچ نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کوتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان، عیدالفطر، عیدالاضحٰی کے بعد ماہِ محرم الحرام اور یومِ عاشورہ پر بھی غزہ پٹی کے شہروں غزہ سٹی، خان یونس، رفح اور دیگر علاقوں سمیت مغربی کنارہ میں بھی قتلِ عام جاری ہے، انسانیت لہو لہو ہے، فلسطینی عوام ظلم اور فسطائیت کی زد میں ہیں۔

07 اکتوبر 2023ء کے بعد مظلوم فلسطینی آتش و آہن کی موسلا دھار بارودی بارش میں استقامت سے کھڑے ہیں۔ فلسطینیوں کی استقامت، تقویٰ اور جیت کا عزم کامیاب ہوگا۔ وقت اور حالات نے ثابت کردیا کہ اسرائیل عالمی امن کے وجود کے لیے ناسور ہے، اس کا خاتمہ اب ناگزیر ہے۔ لیاقت بلوچ نے کشمیری طلبہ و طالبات کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت ترجیحی بنیادوں پر طلبہ و طالبات کے مسائل حل کرے۔

پنجاب میں زیرتعلیم آزاد کشمیر، مقبوضۃ کشمیر، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور جنوبی پنجاب کے طلبہ کو اعلانیہ ترغیبات اور سہولتوں سے محروم نہ کیا جائے۔ طلبہ و طالبات کا اطمینان قومی وحدت اور قومی سلامتی کے لیے مفید ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کشمیری قیادت کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ 18 جولائی کو مقبوضہ کشمیر، آزاد ریاست جموں و کشمیر اور دُنیا بھر میں کشمیریوں نے الحاقِ پاکستان قرارداد پر غیرمتزلزل عزم کا اظہار کرکے پوری دُنیا کو مضبوط پیغام دیا ہے کہ حقِ خودارادیت کے حصول کے بغیر کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

مظلوم کشمیری تو بیداری، آزادی اور حقِ رائے شماری کے متوالے ہیں۔ پاکستان کے حکمران اور پالیسی ساز بھی اپنا قومی کردار اور فرض ادا کریں۔ 25 کروڑ پاکستانی بِلاتفریق جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھی ھیں