Live Updates

واضح کردوں اب خیبرپختونخواہ سے کوئی حملہ آور نہیں آئیگا، لاشوں کاجھوٹا پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، خواجہ آصف

کوئی حملہ آور اسلام آباد نہیں آئیگا، پہلی رکاوٹ آنے پر پی ٹی آئی میدان چھوڑ کر بھاگ گئی ، دنیا کی تاریخ میں کسی جنگ میں ایسے دم دبا کر بھاگنے کی مثال نہیں ملتی، پی ٹی آئی کا احتجاج سانحہ 9مئی کا پارٹ ٹو تھا، وزیر دفاع کی پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 30 نومبر 2024 15:50

واضح کردوں اب خیبرپختونخواہ سے کوئی حملہ آور نہیں آئیگا، لاشوں کاجھوٹا ..
سیالکوٹ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30نومبر 2024) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ واضح کردوں اب خیبرپختونخواہ سے کوئی حملہ نہیں ہوگا،کوئی حملہ آور اسلام آباد نہیں آئیگا، پہلی رکاوٹ آنے پر پی ٹی آئی میدان چھوڑ کر بھاگ گئی، دنیا کی تاریخ میں کسی جنگ میں ایسے دم دبا کر بھاگنے کی مثال نہیں ملتی،پی ٹی آئی کا احتجاج سانحہ 9مئی کا پارٹ ٹو تھا،سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ خیبرپختونخواہ میں شرپسندوں کی حکومت ہے۔

خیبرپختونخوا میں شرپسندوں کی حکومت ہے۔ شرپسندوں کا قلع قمع کرنا ہمارا فرض ہے۔پی ٹی آئی نے تیسرا حملہ کیا جسے ناکام بنایا گیا۔ افغانستان سے حملہ آور سرحد عبور کرکے خیبر پختونخواہ میں آکر حملے کرر ہے ہیں، طالبان سرحد پار کر رہے ہیں یہ سب اس سازش کا حصہ ہے جو پاکستان کے دشمنوں نے خواب دیکھ رکھا ہے کہ خیبر پختونخواہ کو پاکستان سے الگ کیا جاسکے اس سازش کی سیاسی سہولت کار پی ٹی آئی ہے یہ صورت حال ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارا چنار میں فرقہ وارانہ خلفشار پیدا کیا جارہا ہے تاہم صوبائی حکومت مکمل خاموش ہے۔ 24 نومبر کو پی ٹی آئی نے دھرنے کی کال دی وہ لوگ رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچے۔ دھرنے کے شرکاءمختلف رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچے۔ جی ٹی روڈ پر جو ہوا پوری عوام نے دیکھا، رینجرز جوان اور پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

سینکڑوں زخمی ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وفاق پر تیسرا حملہ ناکام بنادیا۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی جس طرح بھاگے اس کی مثال نہیں ملتی۔یہ لوگ تھوڑی بہت رکاوٹ کو دور کرتے رہے۔ کراوڈ دیکھ کر اچھے بھلے بندے کا دماغ گھوم جاتا ہے۔ بشریٰ بی بی بضد تھیں کہ میں ڈی چوک ہی جاوں گی۔احتجاج کی جگہ تبدیل کرنے کی آفر پر عمران خان راضی تھے مگر بشریٰ بی بی نہیں مانی۔

ہم نے انہیں احتجاج کیلئے بار بار کئی جگہیں آفر کیں اور عمران خان راضی بھی ہوگئے تھے لیکن یہ خاتون بشریٰ بی بی ہجوم کو دیکھ کر بولیں کہ اب ادھر کون جائے گا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنرراج لگانے کا سوچا نہیں جارہا۔ علی امین گنڈاپور وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔ خیبرپختونخواہ حکومت نے مسلح ہوکر اسلام آباد پر حملہ کیا یہ صورتحال ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔

علی امین گنڈاپور کی گاڑی کو احتجاج کے دوران اینٹیں اور لاٹھیاں پڑتی رہیں۔ پی ٹی آئی لاشوں کا پراپیگنڈة کررہی ہے۔ ہر پی ٹی آئی لیڈر مختلف نمبر بتا رہا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے ہزاروں افراد کے مرنے کا بتایا۔ کسی مرنے والے کے ورثا کی ویڈیو سامنے نہیں آئی۔ لطیف کھوسہ نے کہا 278 بندہ وہاں مارا گیا۔ ہر لیڈر نے ہلاکتیں الگ الگ بتائیں کسی نے ہزار بندہ کہا کسی نے کچھ مگر اب نمبر سنگل ڈیجٹ میں آگیا ہے مگر ابھی تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی یا کسی مرنے والے کے وارثوں کی ویڈیو سامنے نہیں آئی نہ ایسا کوئی ثبوت سامنے آیا کہ وہاں خون ریزی ہوئی۔

زخمی ضرور ہوئے مگر مرنے کی شہادت کوئی نہیں ملی۔پی ٹی آئی کے لوگ لاشوں کی مختلف تعداد بتارہے ہیں۔عمر ایوب کہتے ہیں مجھے سینے میں فائر لگا، سینے پر فائر لگنے کے بعد عمرایوب نے پریس کانفرنس بھی کرڈالی۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہزاروں لاشیں گریں۔ پی ٹی آئی والے بعد میں چند لاشوں پر آگئے۔ کیا لاشیں،جنازے اور ورثا کہیں موجود نہیں؟ پی ٹی آئی والے آپس میں مشورہ کرکے لاشوں پر ایک بیان دیں۔

پاکستان کے دشمنوں نے خیبرپختونخواہ سے متعلق جو خواب دیکھا ہے وہ پورا نہیں ہوگا یہ پہلے دن سے آئی ایم ایف کو خط لکھتے رہے۔ پاکستان میں دہری شہریت کو ختم ہونا چاہیے، پاکستان کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، باہر کے ملکوں کی گلیوں اور محلوں میں پاکستان کو بدنام نہیں ہونے دیں گے۔علی امین گنڈاپور سب سے پہلے اپنا گھر سنبھالیں۔ یہ کون سا دھرنا ہے جس میں عوام نہیں، عوام کے بغیر دھرنے کی ایجاد گنڈاپور کے سر ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات