9 مئی ناقابل معافی جرم، ماسٹر مائند کو بھی سزا ہو گی،دہشت گردی و مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کا عوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 22 دسمبر 2024 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی ناقابل معافی جرم ہے، ماسٹر مائند کو بھی سزا ہو گی، دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے برداشت نہیں، اختلاف کرنا ہے تو سیاست دانوں سے کرو، شہداسے کیوں؟ پی ٹی آئی نے ملکی دفاع اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوششش کی، مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہمیشہ ترقی ہوئی، بجلی کے بلوں پر 95 ارب روپے کی سبسڈی دی، حلقے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز لاہور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں عمران جاوید اور رانا صفدر سمیت عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، پی ٹی آئی والوں نے ملک کے دفاع اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوششش کی، سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے کئے گئے، ایک نالائق شخص نے ملک دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے آئی ایم ایف کو خط لکھے کہ پاکستان کی مدد نہ کی جائے، ملکی سالمیت پر حملے قبول نہیں، سیاسی دہشت گردی نہیں چل سکتی، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کل ایک بہت بڑا دن تھا، سانحہ 9 مئی جو ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، میں ملوث 25 مجرمان کو سزائیں ہوئیں، ان لوگوں نے شہدا کی یادگاروں کو مسمار کیا، ان عظیم شہداجنہوں نے اس ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، کی بے حرمتی کی، ملکی دفاعی تنصیبات پر حملے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سیاست کرو تمہیں کون سیاست سے روکتا ہے لیکن سیاست تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہ کر کرو، سیاسی اختلاف کرنا ہے تو سیاست دانوں سے کرو ،شہداسے تمہاری کیا دشمنی ہے؟، پاک فوج کے جوان تو ہماری سرحدوں کے محافظ ہیں، وہ جاگتے ہیں اور پورا ملک سکون کی نیند سوتا ہے، آج جو ملک میں امن و امان ہے، اس کے پیچھے ان شہداکی قربانیوں کی ایک طویل داستان ہے، ان شہداکی یادگاروں پر حملے کر کے آپ نے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے، اب مزید سیاسی دہشت گردی نہیں چل سکتی، اپنے ہی گھر میں رہتے ہوئے اپنے ہی گھر پر حملہ کرنا یہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ،9 مئی ناقابل معافی جرم ہے، اس واقعہ کا جو ماسٹر مائنڈ تھا، انشاء اللہ اس کو بھی ضرور سزا ہو گی۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ کہ ہم بات چیت کے قائل ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں، ہم بات چیت کرنا جانتے بھی ہیں اور چاہتے بھی ہیں مگر جہاں سیاسی دہشت گردی ہوگی،جہاں سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے ہوں گے، ہم یہ برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ ان لوگوں نے بیرون ممالک بیٹھی ہوئی لابیوں کو ہائر کیا ہوا ہے، جن کو یہ لوگ پیسے دے کے ملک کے خلاف ٹرینڈ چلاتے ہیں، ملک کے خلاف جو پروپیگنڈا کرتے ہیں، اس سے نقصان پاکستان کا ہوتا ہے، تمام سیاسی جماعتیں بعد میں اور پاکستان سب سے پہلے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) جب بھی برسر اقتدار آئی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، مہنگائی کم ہوئی، معیشت بھی ترقی کر رہی ہے، ملک کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے، آج دوست ممالک پاکستان کے اندر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں، نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو رہا ہے، سٹاک ایکسچینج ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، بیرون ممالک سے کاروباری شخصیات سرمایہ کاری کیلئے پاکستان آ رہی ہیں ، اس کی وجہ یہ ہے کہ ملک میں ایک ایسی قیادت موجود ہے جس پر ان کو اعتماد ہے، انہیں پتہ ہے کہ یہ اپنی بات کے سچے اور وعدے کے پکے ہیں ، پاکستان کی بھلائی اور ترقی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے این اے 127 اور پی پی 163 کے حوالے سے جو وعدے کئے تھے آج وہ ایفا ہو رہے ہیں، ہم میاں عمران جاوید و دیگر پارٹی کارکنان کے ساتھ مل کر اس حلقے کی عوام کی خدمت کریں گے، ان کے مسائل حل کریں گے تاکہ جب پانچ سال بعد ہم دوبارہ ووٹ کے لیے لوگوں کے پاس جائیں توآپ کا سر بھی فخر سے بلند ہو اور ہمارا سر بھی فخر سے بلند ہو۔ انہوں نے کہاکہ میری خوش قسمتی ہے کہ میری والدہ اس حلقے میں موجود رہتی ہیں، وہ آپ کے درمیان رہتے ہوئے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا پورا کردار ادا کرتی ہیں، ہم نے اپنے بزرگوں سے عوام کی خدمت کرنا سیکھا ہے، اسی لیے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین بھی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، اسی خدمت کے جذبے کے تحت بجلی کے بلوں پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 50 ارب اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے 40 ارب روپے کی سبسڈی دی تاکہ عوام کو بجلی کے بل کم آئیں، اب ونٹر پیکیج آیا ہے، بجلی کے بل مزید کم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو زبان دیتے ہیں ،اس پر پورا اترتے ہیں، ہم نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ،آج اس کی تکمیل آپ کے سامنے ہو رہی ہے، ہر جگہ تعمیر و ترقی آپ کو نظر آئے گی ،مہنگائی مزید کم ہوگی، آپ کے مسائل کم ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جلد یہ حلقہ ایک مثالی حلقہ بنے گا، ملک بھی ترقی کرے گا ،یہ حلقہ بھی ترقی کرے گا اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ آخر میں وفاقی وزیر نے شعر اٹھ باندھ کمر کیا ڈرتا ہے،پھر دیکھ خدا کیا کرتا ہے پڑھتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی کام کا نیک نیتی سے مصمم ارادہ کر لیا جائے تو اس میں اللہ تعالی کی مدد بھی شامل ہو جاتی ہے، ہم نے اس ملک کو ایک معاشی قوت بنانا ہے اور یہ خواب جلد پورا ہو گا۔