کابینہ ڈویژن نے مارچ 2023ء سے 31دسمبر 2024ء کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کردیا

شہباز شریف، نوازشریف، زرداری، مریم نواز، بلاول بھٹو، اسحاق ڈار، یوسف گیلانی، مصد ق ملک، رانا ثناء اللہ، عطاء تارڑ ودیگر تحائف لینے والوں میں شامل

بدھ 29 جنوری 2025 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2025ء) کابینہ ڈویژن نے مارچ 2023 سے 31 دسمبر 2024 کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اس مدت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلی پنجاب مریم نواز، سابق وزیراعظم نواز شریف، صدر عارف علوی، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت دیگر شخصیات کو تحائف ملے۔

تحائف لینے والوں میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزراء مصدق ملک، رانا ثنااللہ، عطاء تارڑ، شازین بگٹی، جام کمال بھی شامل ہیں۔کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آصفہ بھٹو، سینیٹر طلحہ محمود، طارق فاطمی، یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے بھی تحائف وصول کئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وائس ایڈمرل عبدالصمد، صدر زرداری کے ملٹری سیکریٹری بریگیڈر شہریار منیر حفیظ، وزیراعظم کے ملٹری سیکریٹری میجر جنرل تجدید ممتاز، وزیراعظم کے چیف سیکیورٹی آفسر محمد عمران، بطور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ ،سابق نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر، سابق نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، سابق نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف، سابق نگراں وزیر تجات گوہر اعجاز، سابق نگراں وزیر توانائی محمد علی بھی تحائف لینے والوں میں شامل ہیں۔

ان کے علاوہ بھی حکومتی شخصیات، سیاستدان، بیوروکریٹس سمیت دیگر حکومتی شخصیات کو کتابیں، ڈیکوریشن پیسز، سونئیرز،گھڑیاں، ٹی پاٹ،کارپٹ، شال اور خنجر تحفے میں ملے، وصول کئے جانے والے تحائف میں جائے نماز، قلم،کپ، عطر اور رومال بھی شامل ہیں۔