Live Updates

افغانستان میں بیٹھے پاکستان مخالف دہشتگرد گروپس ،ٹریننگ کیمپس کیخلاف سرجیکل اسٹرائیکس کا ارادہ نہیں ‘ رانا تنویر

یہی صورتحال رہی تو پاکستان کو کچھ نہ کچھ فیصلہ کرنا پڑے گا ،بلوچستان میں جلد بڑا آپریشن ہونے جارہا ہے ‘ وفاقی وزیرکی میڈیاسے گفتگو

اتوار 16 مارچ 2025 16:35

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس سمیت پاکستان خصوصاًبلوچستان اورخیبر پختونخواہ میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعات میں افغانستان میں بیٹھے دہشتگروپ ملوث ہیں جن کو بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان حکومت کی حمایت حاصل ہے ۔ممتاز زرعی سائنسدان و مذہبی روحانی شخصیت ڈاکٹر قاری محمد رمضان کی تیمار داری کے بعد ان کے صاحبزادے ڈاکٹر احمد عمار آصف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان ناظم الامور کو طلب کیا ہے ،افغان حکومت کو آگاہ کردیا ہے کہ افغانستان میں بیٹھے پاکستان مخالف دہشتگرد گروپس ،ٹریننگ کیمپس کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کا ارادہ نہیں رکھتے تاہم اگر یہی صورتحال رہی تو پاکستان کو کچھ نہ کچھ فیصلہ کرنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی موجودہ صورتحال بہت پریشان کن ہے ،حکومت اس سلسلہ میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو جلد اکٹھا کرنے جارہی ہے ،اے پی سی بلاکر تمام جماعتوں کواعتماد میں لیا جائے گا ،نواز شریف کے دور میں ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردی کا خاتمہ کیا گیا ،عمران خان نے جن دہشتگردوں کو چھوڑا بسایا آج انہی گروپوں کو پاکستان مخالف قوتوں کی حمایت حاصل ہے اوروہی دہشتگردی کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا جلد بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف بہت بڑا آپریشن ہونے جارہا ہے ،پاک فوج دہشتگردی پر مکمل کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی ہماری مضبوط اتحادی ہے ،وفاق سمیت پنجاب میں کوئی ایشو نہیں ،وزارتوں سمیت دیگر ایشوز پر ایک میٹنگ ہوچکی اور اپریل میں دوبارہ میٹنگ ہو گی۔انہوں نے بتایا ک ہ وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر جارہے ہیں جہاں وہ عمرہ کریں گے اور ان کی سعودی حکام سے ملاقاتیں بھی ہوں گی ،سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات