جعفر ایکسپریس دوبارہ چل پڑی ہے اور یہ ملک کی ترقی کا نشان ہے، امیر مقام

دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، وزیراعظم اور آرمی چیف ملکی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کا عمل جاری رہے گا، وفاقی وزیر کی جعفرایکسپریس کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 27 مارچ 2025 11:52

جعفر ایکسپریس دوبارہ چل پڑی ہے اور یہ ملک کی ترقی کا نشان ہے، امیر مقام
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 مارچ 2025)وفاقی وزیرامیرمقام کاکہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس دوبارہ چل پڑی ہے اور یہ ملک کی ترقی کا نشان ہے، دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، جعفر ایکسپریس کا دوبارہ چلنا ملک کی ترقی کا نشان ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف ملکی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں،پشاورمیں دہشت گردی کانشانہ بننے والی جعفرایکسپریس کی دوبارہ بحالی اورروانگی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کا عمل جاری رہے گا۔

دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ جاری رکھا جائے گا۔دہشت گردی کا مسئلہ پورے ملک کا ہے اور ہم سب نے اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ تمام ریل گاڑیوں کی سکیورٹی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ ان کی واپسی کا عمل اٹل ہے اور حالات کے مطابق اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گفتگو کے دوران وفاقی وزیر امیر مقام نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی تحاریک کا مقصد ملک اور صوبے کی ترقی نہیں بلکہ اسلام آباد پر قبضہ کرنا ہے۔

انہو ں نے پی ٹی آئی کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت غیر مستحکم ہے اور ان کی پالیسیوں میں کوئی تسلسل نہیں ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل آج صبح دہشت گردوں کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال ہوئی تھی۔وفاقی وزیر امیر مقام کی موجودگی میں جعفر ایکسپریس کو پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے روانہ کیا گیاتھا۔

جعفر ایکسپریس پشاور سے روانہ ہو کر پنجاب، سندھ اور پھر بلوچستان سے ہوتی ہوئی 34 گھنٹے کے سفر کے بعد کل شام کوئٹہ پہنچے گی۔ جعفر ایکسپریس میں سفر کیلئے 280 مسافروں نے ریزرویشن حاصل کی تھی۔ پشاور سے 28 مسافر اس ٹرین سے روانہ ہوئے تھے۔ٹرین پشاور سے پنجاب اور پھر سندھ کے بعد بلوچستان میں داخل ہوگی۔ جعفر ایکسپریس واحد ریل گاڑی ہے جو چاروں صوبوں سے گزرتی ہے۔

ٹرین پشاور سے پنجاب اور پھر سندھ کے بعد بلوچستان میں داخل ہوگی۔ جعفر ایکسپریس واحد ریل گاڑی ہے جو چاروں صوبوں سے گزرتی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روزوفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کوئٹہ سے ملک بھر کیلئے ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ اور جمعہ کو کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی۔کوئٹہ سے ایک اسپیشل عید ٹرین بھی چلے گی۔بولان میل ہفتے میں دو دن کے بجائے 7 دن ٹرین چلے گی،کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلو ے نے یہ بھی کہا تھاکہ عید کے پہلے تین دنوں کیلئے 20 فیصد رعایت رکھی گئی تھی۔