بھارت عالمی امن کے لئے بڑا خطرہ،مودی کی دھمکیوں پرپاکستان کا ردعمل قابل تعریف ہے، میاں زاہد حسین

جمعہ 25 اپریل 2025 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم کے صدر اور ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بھارت خطے اورعالمی امن کے لئے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دھمکیوں اوریکطرفہ کاروائیوں کے جواب میں حکومت پاکستان کا ردعمل انتہائی نپا تلا اورقابل تعریف ہے۔

پہلگام میں بھارتی ڈرامہ بے نقاب ہونے کے بعدعالمی برادری کشیدگی کے خاتمہ کے لئے اپنا کردارادا کرے۔ میاں زاہد حسین نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو کاروباری برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کومسلسل ہوا دے رہا ہے اورپاکستان کے خلاف جھوٹے الزامات اسکی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کا مقصد دنیا کی توجہ اپنے مظالم سے ہٹانا ہے۔

بھارت اپنے مذموم مقاصد کے لئے صرف کشمیرمیں ہی نہیں بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کے اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ بھارت عالمی امن کے لیے ایک خطرہ ہے، بھارت نے ہمیشہ بلوچستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کی ہے اور افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کی مدد کی ہے اور بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے ذریعے مسلسل عدم استحکام پیدا کر رہا ہے جبکہ بنگلہ دیش، نیپال اورسری لنکا بھی اسکی ریشہ دوانیوں سے محفوظ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت متعدد عالمی اداروں اوردیگر کئی ممالک کی جانب سے بھارت پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سنگین الزامات بھی عائد کئے جا چکے ہیں۔ بھارت کینیڈا، امریکہ اور پاکستان میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 6 لاکھ بھارتی فوج کی طرف سے عورتوں، بچوں اور بزرگوں پرتشدد اورنوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل عام کیا جا رہا ہے اگرکوئی ملک اپنے ہی شہریوں پرظلم کرے تو وہ دنیا کے لیے کیسے پرامن ہوسکتا ہے,اس خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑبھی بھارت نے ہی شروع کی جبکہ نریندی مودی نے نہ صرف گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، عیسائیوں پر عرضہ حیات تنگ کیا، سکھوں کی زندگی اجیرن کی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزمہم بھی چلائی جو تا حال بھی جاری ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور دیگراقدامات کا بھرپورجواب دیتے ہوئے واہگہ بارڈر پوسٹ کوفوری طورپربند، ہرقسم کی تجارت اوربھارتی شہریوں کوجاری تمام ویزے معطل، بھارتی ہائی کمیشن میں سفارتکاروں اورعملہ کی تعداد کم کرنے اوربھارتی ایئرلائنزپرپاکستانی فضائی حدود کی بندش کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ پانی روکنے کے کسی بھی عمل کوجنگ تصورکیا جائے گا۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کے یکطرفہ، غیرمنصفانہ، سیاسی محرکات پرمبنی، انتہائی غیرذمہ دارانہ اورغیرقانونی اقدامات کا نوٹس لے اور بھارت کو مظالم پر جوابده ٹھہریا جائے، جب تک بھارت اپنی جارحانہ پالیسیوں کونہیں بدلتا جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، عالمی برادری کا اس خطرے کوسنجیدگی سے لینا چاہیے۔